خیبر پختونخوا، سیکیورٹی فورسز کامیاب کارروائیوں میں سات خوارج ہلاک،چار فوجی جوان شہید
اشاعت کی تاریخ: 29th, May 2025 GMT
اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے دو مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہ “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے سات دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا۔
گزشتہ رات 28 اور 29 مئی کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے عمومی علاقے شوال میں بھارتی حمایت یافتہ خوارج نے سیکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، جسے مستعد جوانوں نے بروقت اور مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں چھ دہشت گرد واصلِ جہنم ہوئے۔
بدقسمتی سے شدید جھڑپ کے دوران سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ شہداء میں لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل (عمر 24 سال، ضلع مردان کے رہائشی)، نائب صوبیدار کاشف رضا (عمر 42 سال، ضلع چکوال)، لانس نائیک فیاقت علی (عمر 35 سال، ضلع ہری پور)، اور سپاہی محمد حمید (عمر 26 سال، ضلع ایبٹ آباد) شامل ہیں۔ لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل اپنے جوانوں کی قیادت فرنٹ لائن پر کرتے ہوئے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔
ایک اور کارروائی کے دوران چترال کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ ایک اور خارجی کو ہلاک کر دیا۔سیکیورٹی فورسز نے علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کو تلاش کر کے انجام تک پہنچایا جا سکے۔ پاک فوج ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں اس قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کا خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی علاقے میں موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ باردو برآمد کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدار میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا اور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔