خانیوال سٹیشن پر مسافر پل کا حصہ گرگیا، ریلوے ملازم جاں بحق،خاتون زخمی
اشاعت کی تاریخ: 31st, May 2025 GMT
خانیوال(این این آئی)خانیوال سٹیشن پر مسافر پْل کا ایک حصہ گرنے سے ریلوے ملازم ایس ٹی اکرام جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ ترجمان ریلوے کے مطابق امدادی کارروائی مکمل کر لی گئیں،ریلوے ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے۔ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ملبے سے نکالا جبکہ زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد دے کرہسپتال منتقل کر دیا گیا۔مسافر پل کا حصہ گرنے سے ریلوے ملازم ملبے کے نیچے دب گیا تھا، گرنے والا پل قیامِ پاکستان سے قبل تعمیر کیا گیا تھا۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے نوٹس لیتے ہوئے 3 افسران کو معطل کر دیا، جن میں گریڈ 18 کے ڈویژنل انجینئر عابد رزاق، گریڈ 17 کے اسسٹنٹ انجینئر راجا یوسف اور گریڈ 16 کے انسپکٹر برج ملتان محمد عادل شامل ہیں۔ریلوے نے معاملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی جبکہ اس حوالے سے سی ای او ریلوے، آئی جی ریلوے اور ڈی ایس لاہور پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کراچی: زیادتی کی شکار غیرملکی خاتون نے ملزم کو معاف کردیا
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں زیادتی کا شکار غیر ملکی خاتون نے ملزم کو معاف کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کردی۔
کراچی میں درخشاں تھانے کی حدود میں امریکی خاتون سے زیادتی کے مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی پولیس نے گرفتار ملزم جیسپر عرف آدی محمود کو عدالت میں پیش کیا۔
متاثرہ خاتون نے عدالت میں زیر دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کروایا، متاثرہ خاتون نے ملزم کو معاف کرنے کا بیان دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ میں ملوث ملزم آدی محمود کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم تھانا درخشاں میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے صفائی کا کام کر رہا تھا۔
خاتون نے بیان میں کہا کہ پولیس افسر نے اس کا دستخط شدہ بیان جلادیا، پولیس افسر نے کہا کہ مقدمہ درج کروائیں ورنہ ہمارے لیے مشکل ہوجائے گی۔
متاثرہ خاتون نے کہا کہ ملزم کی زندگی خراب نہیں کرنا چاہتی۔
عدالت نے متاثرہ خاتون کا بیان کیس کا حصہ بنادیا جبکہ عدالت نے ملزم جیسپر کے جسمانی ریمانڈ میں چار روز کی توسیع کردی۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزم کی عمر کے تعین سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔