راولپنڈی: سگی بھاوج کو قتل کرنے والے ملزم کو سزائے موت
اشاعت کی تاریخ: 31st, May 2025 GMT
اسلام آباد:
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹیکسلا نے سگی بھاوج کے قتل کے جرم میں ملزم بابر کو سزائے موت اور 5 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنا دی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق مجرم کو اس وقت تک پھانسی پر لٹکائے رکھا جائے گا جب تک اس کی موت واقع نہ ہو۔ سزا سنائے جانے کے بعد بابر کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزم بابر نے گھریلو تنازع کے دوران کلہاڑی کے وار کر کے اپنے بڑے بھائی کی اہلیہ کو قتل کر دیا تھا۔ یہ افسوسناک واقعہ دسمبر 2024 میں تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں پیش آیا، جس کا مقدمہ بھی وہیں درج کیا گیا تھا۔
عدالت نے مکمل شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر ملزم کو سزائے موت کا حکم سنایا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راولپنڈی میں گھر سے 1 کروڑ 70 لاکھ روپے اور 15 تولے زیورات چوری
راولپنڈی:تھانہ روات کے علاقے میں واقع ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں نقب زنی کی بڑی واردات سامنے آئی ہے۔
نامعلوم ملزمان ایک بند گھر سے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے نقدی اور 15 تولے زیورات چرا کر فرار ہو گئے۔
متاثرہ شہری شکیل خان کے مطابق وہ اپنی فیملی کے ہمراہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گیا تھا، واپسی پر گھر کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔