آئی پی ایل 2025: رائل چیلنجرز بینگالورو نے پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
آئی پی ایل 2025 فائنل میں رائل چیلنجرز بینگالورو نے پنجاب کنگز کو سات رنز سے شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل نام کرلیا۔
احمد آباد میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں پنجاب کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بینگالورو نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز اسکور کیے۔
آر سی بی کی جانب سے ویرات کوہلی 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان رجت پاٹیدار 26، لیام لیونگسٹن 25، جتیش شرما 24، ماینک اگروال 24، روماریو شیفرڈ 17، فل سالٹ 16، کرونال پانڈیا 4 اور بھوونیشور کمار 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
یش دیال 1 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
پنجاب کنگز کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور کائل جیمیسن نے 3، 3 جبکہ وجے کمار ویشاک، عظمت اللہ عمر زئی، اور یزویندرا چہل نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
191 رنز کے تعاقب میں پنجاب کنگز مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا سکی۔
کنگز کی جانب سے ششانک سنگھ 61 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے۔ جوش انگلس 39، پربھ سمرن سنگھ 26، پریانش آریا 24، نیہال وڈیرا 15، مارکس اسٹوئنس 6، کپتان شریاس ایر 1 اور عظمت اللہ عمر زئی 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آر سی بی کی جانب سے کرونال پانڈیا اور بھونیشور کمار نے 2، 2 جبکہ یش دیال، روماریو شیفرڈ اور یوش ہیزل ووڈ نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کی جانب سے
پڑھیں:
پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار چنکارہ ہرن کے غیرقانونی شکار پر 40 لاکھ روپے جرمانہ
رحیم یار خان:پنجاب وائلڈ لائف کی تاریخ میں پہلی بار رحیم یار خان کی ایک عدالت نے چنکارہ ہرن کے غیر قانونی شکار کے الزام میں چار ملزمان کو مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے جرمانہ اور ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے اور جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں چھ ماہ اضافی قید ہوگی۔
وائلڈ لائف رینجرز رحیم یار خان نے چنکارہ ہرن کے شکار کا مقدمہ 2023 میں صحرائے چولستان میں درج کرایا تھا اور مقدمے کی سماعت تحصیل خانپور کی سول عدالت میں چالان نمبر 06-WI/2023 کے تحت ہوئی جہاں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرز مجاہد کلیم خان نے مقدمے کی پیروی کی۔
عدالت نے چاروں ملزمان سلیم سرگودھی، صادق منگریا، پنوں منگریا اور رفیق پرھیار کو غیر قانونی شکار کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ایک،ایک سال قید اور فی کس 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا، فیصلہ سنائے جانے کے بعد ملزمان کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا۔
مجاہد کلیم خان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ چولستان پبلک وائلڈ لائف ریزرو میں غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے کیونکہ اس سے مستقبل میں شکاریوں کے لیے ایک سخت پیغام جائے گا کہ اب ایسے جرائم برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
حکومت پنجاب نے 2021 میں وائلڈ لائف ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے سزاؤں اور جرمانوں میں اضافہ کیا تھا، نئے قانون کے تحت کالے ہرن، چنکارہ، پاڑہ ہرن یا اڑیال کے غیر قانونی شکار پر ایک سے تین سال قید اور فی جانور کم از کم دو لاکھ روپے جرمانہ ہوسکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ جرمانہ دس لاکھ روپے تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجرز بہاولپور ریجن سید علی عثمان بخاری نے کہا کہ وائلڈ لائف رینجرز چولستان کی جنگلی حیات کے تحفظ، افزائش اور مؤثر انتظام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
صحرائے چولستان پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا صحرا ہے جو جنگلی حیات کے اعتبار سے منفرد اہمیت رکھتا ہے، یہاں کالے ہرن، چنکارہ، نیل گائے، اڑیال اور مختلف اقسام کے پرندے پائے جاتے ہیں لیکن پچھلی کئی دہائیوں میں غیر قانونی شکار نے ان جانوروں کی تعداد کو شدید متاثر کیا ہے۔