صاف چھپتے بھی نہیں، سامنے آتے بھی نہیں
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
ایک تجزیہ کار نے درست کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں ہرکوئی لیڈر اور ان کا اپنا اپنا بیانیہ ہے جو بھی بانی سے مل کر آتا ہے وہ اپنا ہی بیان دیتا ہے۔ بانی کی ہمشیرہ نے جو بیان دیا تھا تجزیہ کاروں کے نزدیک وہ ایک بہن کا ذاتی بیان تھا جس کے بعد ایک وضاحت سامنے آگئی ہے کہ وہ بانی یا پارٹی کا نہیں علیمہ خان کا ذاتی بیان تھا۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے بانی سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پاکستان کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور انھوں نے ایسے مذاکرات کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ ’’کچھ لو،کچھ دو‘‘ پر لوگوں نے مس گائیڈ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ایک اور لیڈر نے اپنی چھوڑی ہے کہ ہمارے کسی سے مذاکرات نہیں چل رہے جب کہ بعض دیگر رہنماؤں نے تسلیم کیا ہے کہ مذاکرات چلتے رہتے ہیں۔ غیر جانبدار تجزیہ کاروں کا بھی کہنا ہے کہ ایسے مذاکرات اندرون خانہ چلتے رہتے ہیں جو کھلے عام نہیں ہوتے یہ بھی درست ہے کہ پی ٹی آئی نے موجودہ حکومت کے ساتھ جو مذاکرات کیے تھے وہ خفیہ نہیں اعلانیہ تھے جن سے پی ٹی آئی کے بانی نے چلنے نہیں دیا تھا اور ختم کرا دیا تھا کیونکہ ان کے خیال میں حکومت بے اختیار ہے جس سے مذاکرات کامیاب ہو ہی نہیں سکتے، اسی لیے وہ صرف بالاتروں سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اور بار بار کہہ رہے ہیں کہ میں پاکستان کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات پر تیار ہوں کیونکہ وہی اس سلسلے میں بااختیار ہیں۔
بانی جن کو با اختیار کہہ کر جن کے لیے وہ اپنے دروازے کھلے رکھ کر مذاکرات کے لیے تیار بیٹھے ہیں وہ خفیہ ملاقاتوں پر یقین ہی نہیں رکھتے اور ملاقات کے لیے بانی کی طرف سے دی گئی درخواست تک نہیں پڑھتے اور حکومت کو بھیج کر پیغام دے دیتے ہیں کہ ہم نے بانی سے کوئی مذاکرات نہیں کرنے اس لیے ہماری بجائے حکومت سے مذاکرات کریں۔
اسٹیبلشمنٹ کے صاف جواب سے صاف ظاہر ہے کہ بانی کو صرف حکومت سے رابطہ کرنا چاہیے ہمیں مذاکرات کرنے کی کوئی ضرورت ہے ہی نہیں۔ بانی اپنی پارٹی کے رہنماؤں کو الگ الگ بیان دیتے ہیں، کسی کو کچھ کہتے ہیں اور کسی کو کہتے ہیں کہ میں پاکستان کے لیے بالاتروں سے مذاکرات پر تیار ہوں جیسے ان سے بالاتروں کی طرف سے مذاکرات کے لیے کوئی درخواست کی گئی ہو، جس پر بانی آمادہ ہو کر اپنا دروازہ کھولے بیٹھے ہیں جب کہ وہ آنا ہی نہیں چاہتے۔ کوئی کہتا ہے کہ بانی پاکستان کے لیے کچھ لو کچھ دو پر تیار ہیں جس کی بیرسٹر گوہر تردید کر رہے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ سزا یافتہ بانی جیل میں قید اور ان کا دروازہ باہر سے بند ہے جسے وہ خود کھول نہیں سکتے اور کہتے ہیں کہ بالاتروں کے لیے میرا دروازہ کھلا ہے جو درحقیقت کھلا نہیں، بند ہے اور بند دروازہ کھلوانے کے لیے بار بار ملاقات کی درخواستیں کی جا رہی ہیں جو ملنا ہی نہیں چاہ رہے تو ان سے ملاقات کے لیے کیوں کہا جاتا ہے کہ ان کے لیے میرا دروازہ کھلا ہے اور پاکستان کے لیے میں ان سے ملنے کو تیار ہوں مگر دوسری طرف سے کوئی جواب ہی نہیں آ رہا۔
ممکن ہے کہ دوسری طرف سے بانی سے ملنے کی کوئی ضرورت اس لیے محسوس نہیں کی جا رہی کہ بانی پی ٹی آئی نہ حکومت میں ہے نہ کچھ دینے کی پوزیشن میں ہے بلکہ وہ سزا یافتہ ہے جس کی رہائی کے لیے دروازہ کھولنے کا اختیار عدلیہ کے پاس ہے اور بانی ضمانت پر رہائی کے لیے رجوع بھی کر چکے ہیں اس لیے انھیں عدالتی فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا۔
علیمہ خان کے بیانات پر خود پی ٹی آئی میں بھی تحفظات ہیں اور پارٹی رہنما ان کے بعض بیانات کی تردید کرتے ہیں اور تجزیہ کار بھی سمجھتے ہیں کہ ان کے بیانات پارٹی پالیسی نہیں بہن کے جذبات ہیں ۔ ویسے سینیٹر علی ظفر اور علیمہ خان کے بیانات میں کوئی بھی فرق نہیں ہے اور دونوں نے کچھ لو کچھ دو کے بیانات دیے ہیں۔ علیمہ خان نے یہ بھی پوچھ لیا ہے کہ وہ ہم سے چاہتے کیا ہیں؟بانی پاکستان کے لیے نہیں اپنی رہائی کے لیے بالاتروں کو کہہ رہے ہیں کہ اگر وہ ملنا چاہیں مگر وہ بانی سے ملیں کیوں اور نہ انھیں کوئی ضرورت یا سیاسی مذاکرات کی خواہش ہے ان کی ضروریات صرف حکومت ہی پوری کر سکتی ہے۔
بانی کا بھی یہ حال ہے کہ صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں، وہ اپنی باعزت رہائی بھی چاہتے ہیں اور منت اور ترلے بھی ہو رہے ہیں۔ بانی کے پاس دینے کے لیے کچھ نہیں لینے کے لیے جیل سے رہائی ہے۔ لو اور دو کے دلائے جانے والے بیانات این آر او ہی تو ہیں ، اب ان کے پاس صرف بالاتر رہ گئے ہیں جنھیں وہ بلاتے ہیں جو آئیں گے نہیں، اس لیے بانی کو صرف عدالتی رہائی کا ہی انتظار ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مذاکرات کے لیے پاکستان کے لیے پی ٹی آئی کے سے مذاکرات علیمہ خان کے بیانات ان کے لیے بھی نہیں رہے ہیں کہ بانی ہیں اور ہی نہیں ہے اور ہیں کہ اس لیے
پڑھیں:
بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ قاسم اور سلیمان میری اولادیں ہیں اور باپ کی رہائی کیلیے آواز اٹھانا اُن کا حق ہے۔
یہ بات بانی پی ٹی آئی کے بہن علیمہ خان نےاڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
علیمہ خان نے کہا کہ آج توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں تھی، ہمیں گزشتہ رات 12 بجے سماعت کی اطلاع دی گئی اور آج صرف دو وکلاء کو اندر جانے لہ اجازت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ فیملی، وکلاء اور میڈیا کو آج اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا، ساڑھے چار گھنٹے تک اڈیالہ جیل کے دروازے پر انتظار کرتے رہے۔
علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انہیں 22 گھنٹے تک سیل میں رکھا جارہا ہے، اُن کا اخبار، کتابیں اور ٹی وی تک بند کردیا گیا ہے جبکہ انہوں نے وکیل کو بتایا کہ انہیں آج ایک کتاب فراہم کی گئی ہے۔
علیمہ خان کے مطابق بانی نے اپنے وکیل کو بتایا ہے باہر جاکر بتائیں انکے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے، ملک میں قانون یا مارشل لا نہیں بلکہ ایک شخص کی ایماں پر سب کچھ ہورہا ہے۔
بہن کے مطابق بانی نے کہا کہ پاکستان میں ڈاکو ڈفر الائنس بن چکا ہے، عدلیہ کی آزادی ختم کردی گئی ہے، عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہورہی ہے اور پاکستان میں انصاف کا نظام دفن ہوچکا ہے۔
علیمہ خان نے مطالبہ کیا کہ ہمیں بتایا جائے بانی کے ساتھ کس بات پر غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے۔
علیمہ خان کے مطابق بانی نے علی امین گنڈا پور، بیرسٹر گوہر خان اور سلمان اکرم راجہ کو ہدایت کی ہے کہ بھرپور تحریک چلائیں۔