کراچی؛ تاجر سے دن دیہاڑے 58 لاکھ روپے لوٹنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
کراچی:
شہرکے مصروف ترین علاقے صدر میں تاجر سے 58 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے۔ ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
دن دیہاڑے ہونے والی ڈکیتی کا مقدمہ متاثرہ تاجر کی مدعیت میں پریڈی تھانے میں درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق صدر میں اسٹار سٹی مال کے قریب تاجر سے 58 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے۔
منگل کی دوپہر ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں 2 موٹرسائیکلوں پر 4 ملزمان نے نہایت دیدہ دلیری سے واردات کی۔
3افراد بینک سے رقم نکلواکر پیدل جارہے تھے کہ ملزمان نے انہیں گھیر لیا اور چلتے روڈ پر اسلحہ کے زور پر واردات کرنے کے بعد باآسانی فرارہوگئے۔ دن دیہاڑے ہونے والی ڈکیتی کا مقدمہ متاثرہ تاجر محمد آصف کی مدعیت میں پریڈی تھانے میں درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدرمحمد رضوان عرفان کا کہنا ہے کہ الیکٹرونکس مارکیٹ میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں ناقابل برداشت اور سخت تشویش کا باعث ہیں۔ اس سے قبل بھی بینک سے رقم لانے پر ڈیلرز لوٹے جاچکے ہیں لیکن ملزمان گرفتار نہیں کیے جاسکے اور تاجروں کے نقصانات کا ازالہ نہ ہو سکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کروڑوں روپے ٹیکس ادا کرنے والی مارکیٹوں میں پولیس کی نفری انتہائی کم ہے،جس کے سبب کاروباری مراکز جرائم پیشہ عناصر کی جنت بن گئے ہیں۔
محمد رضوان عرفان نے وزیراعلیٰ،وزیر داخلہ،آئی جی سندھ اورایڈیشنل آئی جی کراچی سے مطالبہ کیا ہےکہ لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا سخت نوٹس لے کرالیکٹرونکس اور موبائل مارکیٹوں کو فوری اور موثر تحفظ فراہم کیا جائے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، ڈاکو سنار سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لوٹ کر فرار
کراچی کے علاقے کریم آباد میں اپوا کالج کے قریب ڈاکو سنار سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سنار صدر صرافہ بازار سے کریم آباد آرہا تھا، سی سی ٹی وی سمیت دیگر شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
کریم آباد جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ کریم آباد کا سنار صدر کی لیب میں سونا لے کر گیا تھا، واپسی پر اپوا کالج کے قریب 4 ملزمان نے اسے لوٹ لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے اور علاقے میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز جمع کی جارہی ہیں۔