الخدمت کے تحت تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 9th, June 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
پشاور: نشتر آباد میں واقع الخدمت اسپتال ایک بار پھر عید کے موقع پر تھیلیسیمیا جیسے جان لیوا مرض میں مبتلا بچوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے میں پیش پیش رہا۔
گزشتہ برسوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی الخدمت فاؤنڈیشن نے عید کے دوسرے روز الخدمت تھیلیسیمیا سینٹر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں رجسٹرڈ مریض بچوں کو عیدی، تحائف اور قربانی کا گوشت فراہم کیا گیا۔
یہ تقریب الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر نوید شریف، الخدمت کے صوبائی میڈیا منیجر نورالواحد جدون، تھیلیسیمیا کوآرڈینیٹر نثار علی، بچوں کے والدین، میڈیا نمائندگان اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔
تقریب میں خالد وقاص نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت الخدمت اسپتال نشتر آباد کے ساتھ تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا 700 بچے رجسٹرڈ ہیں، جنہیں بلڈ ٹرانسفیوژن اور ادویات کی سہولت بلکل مفت فراہم کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بچے نہ صرف طبی توجہ کے مستحق ہیں بلکہ ان کی ذہنی و جذباتی خوشیوں کا خیال رکھنا بھی ہمارا فرض ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عید جیسے مواقع پر ہم ان بچوں کو تحائف، عیدی اور قربانی کا گوشت دے کر ان کی زندگی میں رنگ بھرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
خالد وقاص نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مرض کا مستقل علاج صرف ہڈی کے گودے (Bone Marrow) کی پیوندکاری ہے، جو پاکستان میں بہت محدود پیمانے پر دستیاب ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن اس سلسلے میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے قیام کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے خیبر پختونخوا حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ حیات آباد یا کسی اور موزوں مقام پر زمین فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی حکومت زمین فراہم کرے گی، الخدمت سینٹر کی تعمیر اور سہولیات کے لیے صاحب حیثیت افراد، مخیر حضرات اور اداروں کا تعاون حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد صرف علاج تک محدود نہیں بلکہ ہم عوام میں تھیلیسیمیا سے بچاؤ کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لیے بھی سرگرم ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق تھیلیسیمیا ایک موروثی مرض ہے، جس سے بچاؤ کے لیے شادی سے قبل خون کے ٹیسٹ، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر انتہائی اہم ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن نہ صرف علاج بلکہ اس مرض سے آگاہی کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اس پرمسرت موقع پر بچوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی۔ والدین نے الخدمت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تحائف اور گوشت صرف مادی اشیا نہیں بلکہ ان بچوں کے لیے محبت، توجہ اور امید کا پیغام ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: الخدمت فاؤنڈیشن بچوں کے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
بھارت میں خواتین کے خلاف جرائم میں ہوش رُبا اضافہ، مودی راج میں انصاف ناپید
بھارت میں خواتین کے خلاف جرائم میں ہوش ربا اضافہ ہو چکا ہے جب کہ مودی راج میں انصاف ناپید ہے۔
ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کی کٹھ پتلی حکومت کے دور میں ریپ کلچر بھارت کی نئی پہچان بن چکا ہے اور مودی سرکار صرف جھوٹے نعروں تک محدود ہو گئی ہے۔ "بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ" صرف ایک فریب بن کر رہ گیا ہے جب کہ زمینی حقائق مودی کے دعووں سے کوسوں دور ہیں۔
مودی راج میں خواتین کے خلاف جرائم عروج پر ہیں۔ بھارت عورتوں کے لیے جہنم بن چکا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی ریاست اڈیشہ کے جگت سنگھ پور میں 18 سالہ لڑکی کو اغوا کرکے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ متاثرہ لڑکی اپنی سہیلی کے ساتھ سالگرہ کی تقریب سے واپس آ رہی تھی کہ راستے میں 2 افراد نے اسے اغوا کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکی کے والد نے بتایا کہ ملزمان نے لڑکی کو کھیت میں لے جا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جب کہ اس کی سہیلی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔ لڑکی کی حالت تشویشناک ہے اور وہ ضلع ہیڈکوارٹر اسپتال میں داخل ہے۔
پولیس نے متاثرہ لڑکی کے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔ بھارت میں خواتین کے خلاف جرائم کے مسلسل واقعات سامنے آ رہے ہیں، جس کے خلاف اپوزیشن سراپا احتجاج ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت گزشتہ ایک سال میں قانون و انصاف کی بحالی میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ بی جے ڈی کے رہنما پریابرات موہاپاترا نے کہا کہ ہم تمام مجرموں کی گرفتاری تک ایس پی آفس کا گھیراؤ جاری رکھیں گے۔
مودی کے دور میں بھارت خواتین کے لیے ایک خونیں قید خانہ بن چکا ہے۔ بھارت میں بیٹیوں کا خون سستا ہو چکا ہے اور انصاف صرف ایک خواب بن کررہ گیا ہے۔