وزیر اعظم شہبازشریف کا خون عطیہ کرنے کے عالمی دن پر پیغام
اشاعت کی تاریخ: 14th, June 2025 GMT
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خون عطیہ کرنے والے رضاکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہر صحت مند شہری بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خون کا عطیہ دے کر انسانیت کی خدمت کریں۔ خون عطیہ کرنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہر سال 14 جون کو خون عطیہ کرنے والوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، یہ دن رضاکارانہ طور پر لوگوں کی مدد کرنے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، جو لاکھوں انسانوں کو جینے کا دوسرا موقع دینے کے عظیم مقصد میں شامل ہونے کے لیے بے لوث خون کا عطیہ دیتے ہیں، یہ دن نہ صرف دنیا بھر کے رضاکاروں کی طرف سے اظہار تشکر ہے بلکہ خون کے عطیات کو جاری رکھنے کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ "خون دیں، امید دیں، مل کر ہم زندگیاں بچائیں ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے 2025 کا تھیم ہے جو مریضوں میں زندگی کی امید جگانے کے لیے باقاعدگی سے خون کے عطیات کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خون کے عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ خون کا عطیہ انسانیت کے لیے ہمدردی کا عکاس ہونے کے علاوہ کسی بھی ملک کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے لیے ایک ضرورت ہے۔ جراحی، بچوں کی پیدائش اور سرطان اور خون کی کمی جیسی سنگین بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے باقاعدگی سے خون کے عطیات کی اہم ضرورت کے بارے میں عوامی آگاہی میں اضافے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان کو خون کے محدود عطیات کی وجہ سے خون کی دستیابی کی قلت کا سامنا ہے۔ حکومت پاکستان اس صورتحال کے بارے میں پوری طرح حساس ہے اور نیشنل بلڈ ٹرانسفیوژن پروگرام (این بی ٹی پی)کے ذریعے خون کے عطیات سے متعلق آگاہی مہم کا مقصد اس چیلنج سے نمٹنا ہے تاہم اس بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مضبوط اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں خون کے عطیات دینے والوں میں صرف 10 فیصد ہیں اور باقی خون کے عطیات مریضوں کے رشتہ داروں اور دوستوں کی طرف سے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں ہر صحت مند اور ہمدرد شہری بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے شہری فرض کو سمجھتے ہوئے خون کا عطیہ دے کر انسانیت کی خدمت کریں۔ وزیر اعظم نے خون کا عطیہ کرنے والے نجی اداروں کی تعریف کی جو ضرورت مند مریضوں کے لیے مناسب خون کا عطیہ فراہم کرنے کے اس عظیم مقصد میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر محفوظ اور صحت مند پاکستان بنائیں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: خون عطیہ کرنے خون کے عطیات خون کا عطیہ نے کہا کہ کی ضرورت کے لیے
پڑھیں:
وزیر اعظم نے چترال میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا، یونیورسٹی بھی قائم کرنے کا اعلان
شہباز شریف نے یقین ظاہر کیا کہ چترال میں دانش سکول کا اگلے سال باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔ مقامی لوگوں کے مطالبے پر انہوں نے چترال میں گیس پلانٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعہ کے روز چترال میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سکول ڈیجیٹل لائبریریز، سمارٹ بورڈز اور کھیل کے میدان جیسی جدید سہولتوں سے آراستہ ہو گا جو علاقے کے مستحق طلباء کو مفت رہائش اور تعلیم کی سہولت فراہم کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چترال میں دانش سکول غریب گھرانوں کے بچوں کیلئے معیاری تعلیم کے حصول کے حوالے سے ایچی سن کالج لاہور کے برابر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے اس سکول کے قیام کی درخواست نہیں کی تھی بلکہ یہ ان کی ذاتی خواہش تھی کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت دور دراز علاقوں کو ایسی تعلیمی سہولتیں مہیا کی جائیں۔ انہوں نے اس منصوبے کو وفاقی حکومت کی جانب سے چترال کے عوام کیلئے تحفہ قرار دیا۔ شہباز شریف نے یقین ظاہر کیا کہ چترال میں دانش سکول کا اگلے سال باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔ مقامی لوگوں کے مطالبے پر انہوں نے چترال میں گیس پلانٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بالائی چترال میں بجلی کے ٹیرف کا مسئلہ خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا۔عوامی مطالبے کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بالائی چترال میں ایک یونیورسٹی بھی قائم کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ علاقے میں بنیادی ڈھانچے کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔