پاکستان، ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑا ہے،(شہباز شریف)
اشاعت کی تاریخ: 15th, June 2025 GMT
اسرائیل کی اشتعال انگیزی، مہم جوئی کو علاقائی اور عالمی امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ قرار
وزیراعظم کا ایرانی صدر کو ٹیلیفون، اسرائیلی حملوں کی مذمت ، پاکستان کی طرف سے اظہار یکجہتی
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے اسرائیل کے ایران پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان، اسرائیل کی بلا اشتعال اور بلاجواز جارحیت پر حکومت ایران اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑا ہے۔انہوں نے ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی، جو اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدر پزشکیان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایران کے لیے پاکستان کی حمایت کا ذکر کیا۔وزیراعظم نے اسرائیل کی اشتعال انگیزی اور مہم جوئی کو علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے مذمت کی۔انہوں نے اسرائیل کی جانب سے بہادر فلسطینیوں کے خلاف ظالمانہ نسل کشی کی بلا روک ٹوک کارروائیوں کی بھی شدید مذمت کی۔وزیراعظم نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے جارحانہ رویے اور اس کے غیر قانونی اقدامات کے خاتمے کے لیے فوری اور قابل اعتبار اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس تناظر میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اس مشکل وقت بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے ساتھ پاکستان کی حمایت اور یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔انہوں نے وزیراعظم کو اسرائیل کے ساتھ بحران پر ایران کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ ان خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مل جل کر کام کریں۔ دونوں رہنماوں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
.ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: اقوام متحدہ اسرائیل کی ایران کے انہوں نے مذمت کی کے ساتھ کے لیے
پڑھیں:
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعاون میں پیشرفت، وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ اطمینان
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرغزستان کے نائب وزیراعظم عادل بیسالوف کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات کے دوران پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعاون میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ وفد پانچویں پاکستان کرغزستان بین الحکومتی کمیشن (IGC) کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد آیا ہے۔ وزیراعظم نے اجلاس کے کامیاب انعقاد اور مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کو خوش آئند قرار دیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان، افغانستان، کرغزستان، تاجکستان کے مابین توانائی پراجیکٹ اگلے سال مکمل ہوگا
وزیراعظم نے معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان فیصلوں کو جلد حقیقی نتائج میں بدلنا ہوگا۔ کرغز نائب وزیراعظم نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور باہمی تعاون کے مزید فروغ کی امید ظاہر کی۔
دونوں رہنماؤں نے تجارتی، توانائی، عوامی روابط اور باہمی مفاد کے دیگر شعبوں میں تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
کرغزستان نائب وزیراعظم عادل بیسالوف وزیراعظم محمد شہباز شریف