بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، پنجاب، سندھ، بلوچستان، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے عوام نے سکھ کا سانس لیا
اشاعت کی تاریخ: 16th, June 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا سمیت مشرقی سندھ میں آج کہیں بارش اور کہیں آندھی چلنے کا امکان ہے، جبکہ بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، پنجاب، سندھ، بلوچستان، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے عوام نے سکھ کا سانس لیا، کہیں تیز بارش تو کہیں ہلکی پھوار نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
پنجاب کے مختلف اضلاع بورے والا، بہاولنگر، پتوکی، گوجرہ، چیچہ وطنی، میلسی، اوکاڑہ، میاں چنوں، ساہیوال، حاصل پور، رینالہ خورد، عارف والا، شورکوٹ اور وہاڑی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔
کراچی کے علاقوں سہراب گوٹھ، گلشن معمار، سرجانی ٹاؤن، بلدیہ، اورنگی اور گلشن اقبال میں کہیں بارش تو کہیں بوندا باندی ہوئی۔ تیز ہواؤں نے حبس زدہ فضا کو قدرے بہتر بنایا، اور شہریوں نے موسم کا لطف اٹھایا۔
سندھ کے علاقوں اوباڑو، ڈھرکی اور نوشہرو فیروز میں بھی رم جھم نے موسم سہانا بنا دیا، جبکہ بلوچستان کے شہر ڈیرہ مراد جمالی میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
خیبرپختونخوا: محکمہ تعلیم کے ملازمین کی تعلیمی چھٹی کا غلط استعمال بے نقاب
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے ملازمین کی جانب سے تعلیمی چھٹی کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال سامنے آ گیا۔دستاویزات کے مطابق تعلیمی چھٹی لینے والے بیشتر ملازمین مقررہ وقت میں ڈگری مکمل نہ کر سکے جبکہ کئی ملازمین نے ڈگری حاصل کرنے کے بعد بھی محکمے میں واپسی نہیں کی۔رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اکثر ملازمین نے بغیر اجازت ہی تعلیمی چھٹی لی جبکہ کچھ نے چھٹی کے دوران آدھی کے بجائے پوری تنخواہیں وصول کیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ملازمین کا ڈیٹا مرتب کر لیا گیا ہے، 182 ملازمین گریڈ 12 سے گریڈ 19 تک کے مختلف عہدوں پر تعلیمی چھٹی پر گئے اور سالوں بعد بھی واپس نہیں آئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی چھٹی کا غلط استعمال کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ڈیٹا کی تکمیل کے بعد کارروائیوں کا باضابطہ آغاز ہو گا۔