کامران ٹیسوری گورنر ہاؤس کے دفاتر کی چابیاں ساتھ لے گئے، قائم مقام گورنر اویس قادر شاہ کیلئے دفاتر نہیں کھولے گئے
اشاعت کی تاریخ: 20th, June 2025 GMT
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جون 2025)گورنر سندھ کامران ٹیسوری گورنر ہاؤس سندھ کے دفاتر کی چابیاں ساتھ لے گئے، قائم مقام گورنر اویس قادر شاہ کیلئے دفاتر نہیں کھولے گئے،قائم مقام گورنر سندھ اویس قادر شاہ امن و امان کے مسئلے پر اجلاس کیلئے گورنر ہاؤس پہنچے لیکن ان کیلئے دفتر نہیں کھولا گیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق قائم مقام گورنر سندھ اویس قادر شاہ نے صوبے میں امن و امان کے مسئلے پر اجلاس طلب کر رکھا تھا جس میں وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ کو بھی شریک ہونا تھا۔
اویس شاہ جب گورنر ہاؤس پہنچے تو ان کیلئے دفتر نہیں کھولا گیا۔ بیشتر افسران گورنر ہاؤس پہنچ گئے لیکن عملے نے دفاتر نہیں کھولے گئے۔گورنر ہاؤس میں ہائی لیول اجلاس ختم ہونے کے بعد افسران بغیر بریفنگ دئیے روانہ ہوگئے۔(جاری ہے)
اس حوالے سے قائم مقام گورنر سندھ اویس قادر شاہ کاکہنا ہے کہ محرم میں امن و امان سے متعلق گورنر ہاؤس میں آج اہم اجلاس طلب کیا تھا تاہم عملے نے بتایا کہ کامران ٹیسوری دفاتر کی چابیاں بھی ساتھ لے گئے ہیں۔
دفتر بند کروانے پر اویس قادر شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئینی کام سے نہیں روکا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کا پورا عملہ غائب ہوگیا۔ ایم ایس سمیت کوئی نظر نہیں آ رہا ہے۔اویس قادر شاہ نے کہا کہ اس طرح دفاتر بند کروانا عہدے سے مذاق ہے۔ گورنر ہاؤس کا عملہ سندھ حکومت سے تنخواہ لیتا ہے۔ امن و امان کے اجلاس میں رکاوٹیں ڈالنا شرمناک ہے۔اویس قادر شاہ نے کہا کہ یہ آئینی منصب ہے کسی کی ذاتی بیٹھک نہیں۔ کامران ٹیسوری کو یہ حرکت زیب نہیں دیتی۔ اگر آج اجلاس منعقد نہ ہوا تو کامران ٹیسوری کے خلاف عدالت جاؤں گا۔اویس قادر شاہ نے کہا کہ پولیس افسران گورنر ہاؤس پہنچ چکے ہیں، وزیر داخلہ بھی اسلام آباد سے یہیں آ رہے ہیں۔ اویس قادر شاہ کامزید یہ بھی کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری صاحب پہلے بھی کئی دفعہ آفس کی چابیاں اپنے ساتھ بیرون ملک لے جا چکے ہیں۔.
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے اویس قادر شاہ نے قائم مقام گورنر کامران ٹیسوری گورنر سندھ گورنر ہاؤس کی چابیاں نے کہا کہ لے گئے
پڑھیں:
جب ایم کیو ایم والے صاحب سے بھائی بنیں گے تو کراچی کے حالات ٹھیک ہونگے، گورنر سندھ
مائی کراچی فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، کراچی آج جس حالت میں ہے اس پر صرف ہی افسوس کیا جا سکتا ہے، کراچی پہلے کیا تھا اور اب کیا ہو گیا ہے، ووٹ کے وقت کراچی یاد آتا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والوں کو تقریبات میں صاحب کہا جاتا ہے، ایم کیو ایم والے جب صاحب سے بھائی بن جائیں گے تو کراچی کے حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔ ایکسپو سینٹر میں مائی کراچی فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سوچ رہا ہوں کہ ایم کیو ایم تبدیل کیسے ہوگئی، جب یہ دوبارہ بھائی بنیں گے تو سب کچھ بہتر ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب اراکین نے کراچی کے مسائل کو اسمبلیوں میں بھرپور طریقے سے اٹھایا، کے الیکٹرک کے لیے نیپرا کی 50 ارب روپے وصولی کا معاملہ وزیرِ اعظم کے سامنے اٹھائیں گے۔ گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی چیمبر کے مسائل ایم کیو ایم کے بھی ہیں، چیمبر ایم کیو ایم میں ضم ہو جائے، ہمارے سب کے مسائل اور فریاد ایک ہیں، دیگر ملکوں میں تاجروں اور صنعت کاروں کو 200 فیصد مراعات ملتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کا تاجر و صنعت کار بجلی، پانی، گیس اور امن و امان مانگ رہا ہے تو کیا غلط ہے؟ اگر تاجروں اور صنعت کاروں کو سہولت نہیں مل پا رہی تو آپ کو ایم کیو ایم کے اراکین کو مضبوط کرنا ہوگا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہر شخص یہاں لفافہ مانگ رہا ہے، ایم کیو ایم نے وفاق سے اس سال 40 ارب روپے حاصل کر لیے ہیں، 20 ارب روپے موصول ہو چکے ہیں جو کراچی میں خرچ ہوں گے۔ گورنر کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ تاجر برادری صنعتی علاقوں تجارتی مراکز میں ترقیاتی کاموں کے لیے اراکین سے رابطہ کریں، فاروق ستار نے کے 2 پراجیکٹ کراچی کو دیا، اس منصوبے سے شہر کو 10 کروڑ گیلن پانی ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے کے تھری کے تحت 10 کروڑ گیلن پانی دیا، کے 4 سے 26 کروڑ گیلن پانی چاہیئے تو ایم کیو ایم کا میئر لانا ہوگا، کراچی کا مقدمہ لڑنے کی نہیں فیصلے کی ضرورت ہے، کراچی کا مقدمہ تو کئی سال سے لڑا جا رہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کو بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں، دو وفاقی وزارتیں اور قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ ایم کیو ایم کے پاس ہے، نوجوان مصنوعی ذہانت سیکھیں، مستقبل اسی سمت میں جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں، ان کا حوصلہ بڑھائیں اور کامیابی میں ساتھ دیں، ادارے کی تعلیمی، سماجی، ترقیاتی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہ کسی سے کم ہیں نہ کم تر، وقتِ ضرورت قوم نے دشمن کو شکست دی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کے فور منصوبہ مکمل کرنے کے لیے اگلا میئر ایم کیو ایم کا لانا ہوگا، کراچی کا مقدمہ صرف ایم کیو ایم والے ہی لڑ سکتے ہیں، ایم کیو ایم میں وڈیرانہ اور جاگیردارانہ سوچ نہیں ہے۔ گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، کراچی آج جس حالت میں ہے اس پر صرف ہی افسوس کیا جا سکتا ہے، کراچی پہلے کیا تھا اور اب کیا ہو گیا ہے، ووٹ کے وقت کراچی یاد آتا ہے۔