ناران میں گلیشئیر بیٹھ گیا، تصویر بنانے والے باپ بیٹا جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 21st, June 2025 GMT
وادیٔ کاغان میں سوہنی آبشار ناران کے مقام پر گلیشئیر کا ایک حصہ بیٹھ گیا، گلیشیئر کے نیچے تصویر بنانے والے باپ بیٹے سمیت تین سیاح جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے شکار سیاحوں کا تعلق لاہور کے علاقے مغل پورہ سے بتایا جارہا ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ طاہر، 13 سالہ ابو بکر اور 22 سالہ طیب شامل ہیں۔
افسوسناک حادثے پر صوبائی مشیر سیاحت زاہد چن زیب نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے سیاحوں کو غیر مستحکم علاقوں میں جانے اور سیلفیاں لینے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحتی مقامات پر احتیاطی تدابیر کی اہمیت اجاگر کی جائے گی۔
انہوں نے سیاحتی مقامات پر حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پیرس میں 73 سالہ پاکستانی اخبار فروش کو فرانس کا اعلیٰ سول اعزاز ملے گا
پیرس کے مشہور لاطینی کوارٹر میں گزشتہ 50 برس سے اخبارات بیچنے والے 73 سالہ پاکستانی بزرگ، علی اکبر کو فرانس کا اعلیٰ ترین سول اعزاز دیا جائے گا۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون رواں سال ستمبر میں انہیں نیشنل آرڈر آف میرٹ کا نائٹ مقرر کریں گے، جو نمایاں سول یا فوجی خدمات پر دیا جاتا ہے۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے علی اکبر 1973 میں فرانس گئے تھے اور تب سے پیرس میں اخبارات بیچ رہے ہیں۔ وہ خوش اخلاق، زندہ دل اور دلچسپ انداز میں اخبارات بیچنے کے لیے مشہور ہیں۔
علی اکبر کا کہنا ہے کہ انہیں کاغذ کی خوشبو پسند ہے اور وہ ڈیجیٹل دور کے باوجود اصل اخبار بیچنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا: "میرا مقصد صرف اخبار فروخت کرنا نہیں، بلکہ لوگوں کے دلوں کو چھونا ہے۔"
فرانس میں ان کے پرانے گاہک ان کو "پیرس کا اصل چہرہ" کہتے ہیں اور ان کے ساتھ نہ صرف اخبار خریدتے ہیں بلکہ کافی اور کھانا بھی شیئر کرتے ہیں۔