’مظلوموں کی آواز‘، شرجیل میمن کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو سالگرہ کے موقعے پر خراج عقیدت
اشاعت کی تاریخ: 21st, June 2025 GMT
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو سالگرہ کے موقعے پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہید بی بی پہلی منتخب خاتون وزیرِاعظم، جمہوریت کی علمبردار، اور مظلوموں، غریبوں، خواتین، اور نوجوانوں کی آواز تھیں، شہید محترمہ بے نظیر بی بی نے اپنی پوری زندگی پاکستان کے عوام کے حقوق کے لیے وقف کردی۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان کا دفاع شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کی قابل تحسین کاوشوں سے ناقابل تسخیر ہے، شہید بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، شہید بی بی نے پاکستان کو میزائیل ٹیکنالوجی دی، شہید بی بی کی قیادت، قربانیاں اور ویژن آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ نے ہمیشہ آئین، جمہوریت، انسانی حقوق، اور اظہارِ رائے کی آزادی کا پرچم بلند رکھا، شہید بی بی نے آمریت کے خلاف جمہوری جنگ لڑی، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، جلاوطنی اختیار کی، لیکن اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہید بی بی نے پاکستان میں پہلی بار خواتین کے لئے الگ پولیس اسٹیشنز قائم کئے، فرسٹ ویمن بینک کا قیام عمل میں لائیں، خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے شہید بی بی نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کا پروگرام متعارف کروایا۔
ان کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے دورِ حکومت میں کسانوں کے لیے کئی اہم اور انقلابی اقدامات کیے ، زرعی قرضوں کی فراہمی کو آسان بنایا، کسانوں کے لئے کھاد اور معیاری بیجوں پر سبسڈی دی، اور جدید زرعی مشینری جیسے ٹریکٹر اور تھریشر کے لیے مالی معاونت فراہم کی۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ دیہی خواتین کسانوں کے لیے تعلیم، صحت اور مالی امداد کے پروگرام شہید بی بی نے شروع کیے، شدید خطرات اور جان کے خدشات کے باوجود شہید بی بی پاکستان واپس آئیں، کیونکہ وہ جانتی تھیں کہ ان کی قوم، خاص طور پر کسان اور مزدور، انہیں پکار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی شہید بی بی کی ہی اصولوں پر کاربند ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انہی جمہوری نظریات کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، ہم سب پر لازم ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں اور مساوات، انصاف، تعلیم، صحت، اور روزگار کے مواقع سب کے لیے یکساں بنانے کی جدوجہد کو تیز کریں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: شہید بی بی نے شہید محترمہ نے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
شرجیل میمن اور ناصر شاہ کی یوٹونگ بس کمپنی کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت
کراچی:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے چین میں یوٹونگ بس کمپنی کے حکام سے ملاقات کرکے انہیں سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملاقات میں سندھ میں ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوئی، ٹرانسپورٹ و متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
یوٹونگ کے حکام نے وزراء کو اپنی نئی اور جدید ماڈل بسوں کے بارے میں بریفنگ دی، یوٹونگ حکام نے پاکستان بالخصوص سندھ میں بسیں متعارف کرانے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو معیاری اور محفوظ ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، دھابیجی اسپشل اکنامک زون غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بہت بڑا موقع ہے، سرمایہ کاروں کو دس سالہ ٹیکس چھوٹ دی جارہی ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ دھابیجی انڈسٹریل زون میں حکومت سندھ کی جانب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، سندھ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں عوام کو معیاری بس سروس فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یوٹونگ جیسے بین الاقوامی ادارے پاکستان آئیں اور جدید بسیں تیار کر کے یہاں کی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کریں، سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل سہولتیں اور تحفظ فراہم کرے گی۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں ماحول دوست اور توانائی کے متبادل ذرائع پر مبنی پبلک ٹرانسپورٹ متعارف کرائی جائے، یوٹونگ بسیں ماحول دوست اور توانائی کے متبادل ذرائع کے حوالے سے بہترین آپشن ثابت ہو سکتی ہیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت شفاف سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی، عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاروں کو پائیدار کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت سندھ کا عزم ہے۔