اسرائیل کا ناقابل تسخیر ہونے کا تاثر زمین بوس ہوچکا، وزیر دفاع
اشاعت کی تاریخ: 22nd, June 2025 GMT
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ناقابل تسخیر ہونے کا تاثر اب زمین بوس ہو چکا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ غزہ اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھنڈرات کی صورت میں بھی سینہ تانے کھڑا ہے جبکہ اسرائیل کا وجود اب زمین بوس ہوچکا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آدھی صدی تک پابندیوں کا شکار رہنے والا ایران آج بھی ناقابل تسخیر ہے، امریکیوں نے ایران کو زیر کرنے کیلئے تار تار ہونے والی صہیونی فوجی طاقت کا ساتھ دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ایران پر ہونے والے امریکی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاک سعودیہ معاہدے سے بھارت کو ہونے والی پریشانی فطری ہے، خواجہ آصف
وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاک سعودیہ معاہدے سے بھارت کو ہونے والی پریشانی فطری ہے، بھارت کا چیخیں مارنا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہمارے کسی کے خلاف کوئی عزائم نہیں، ہم تو برصغیر میں بھی امن چاہتے ہیں، اگر ہمارے خلاف جارحیت ہوتی ہے تو دفاع کرنا ہمارا حق ہو گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون کوئی نئی بات نہیں، اس کے ساتھ 40 سے 50 سال سے دفاعی تعاون جاری ہے۔
وزیرِ دفاع کا کہنا ہے کہ کچھ عناصر پاک سعودی عرب معاہدے کا اپنے مقاصد کے لیے غلط مطلب نکال رہے ہیں، اس معاہدے پر بعض عناصر کی جانب سے قیاس آرائیاں اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کی جا رہی ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون کبھی بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے کبھی نارمل ہوتا ہے، ضرورت کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون کو بڑھاتے ہیں اور معمول کے مطابق بھی لے آتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے کوئی جارحانہ عزائم نہیں، یہ اوّل و آخر ایک دفاعی معاہدہ ہے، ہم تو خود جارحیت کا شکار رہے ہیں، پاکستان تو خود بھارتی جارحیت کا شکار رہا ہے، اس معاہدے کے ذریعے تکنیکی و تربیتی تعاون ہو گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ دونوں ممالک میں کسی پر حملہ ہوا تو ایک دوسرے کی مدد کریں گے، اس معاہدے سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، ہماری افواج ایک عرصے سے سعودی عرب میں موجود ہیں، اس معاہدے کے تحت ہماری سعودی عرب میں افواج کی موجودگی بڑھ جائے گی تو کسی کو کیا مسئلہ ہو گا؟