کراچی، شارع نور جہاں میں پولیس کا مبینہ مقابلہ، دو اسٹریٹ کرمنلز گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 24th, June 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں ضلع وسطی کے علاقے شارع نور جہاں کی حدود میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی بھی پولیس کی حراست میں آ گیا۔
ایس ایس پی ضلع وسطی کے مطابق، مقابلے کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا۔
زخمی ملزم کی شناخت ناصر علی ولد سردار علی کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کے ساتھی کی شناخت صہیب عرف "میجر" ولد حنیف کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، ملزمان کے قبضے سے ایک پستول، متعدد موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، جو کہ مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے کے شواہد کے طور پر جمع کر لی گئی ہے۔
زخمی ملزم ناصر علی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی صہیب تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کوئٹہ: سرکاری دستاویزات میں شہریوں کو غیرقانونی سہولت دینے والے 14 ایجنٹ گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لیے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔
بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔