پختونخوا میں طوفانی بارشوں کا امکان؛ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ
اشاعت کی تاریخ: 26th, June 2025 GMT
پختونخوا میں طوفانی بارشوں کے امکان کے پیش نظر ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم آج گرم، مرطوب اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دریں اثنا صوبے کے بالائی، وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
موسمیاتی رپورٹ کے مطابق چترال، دیر بالا اور دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تورغر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح ہری پور، کرم، مہمند، خیبر، اورکزئی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی اور کوہاٹ کے اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوبی اضلاع جیسے ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان موجود ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
ممکنہ اثرات کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مردان، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات اور شانگلہ کے علاقوں میں موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ علاوہ ازیں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث سڑکوں کی بندش بھی متوقع ہے۔
گزشتہ روز کی صورتحال کے مطابق سیدو شریف سوات میں 24 ملی میٹر، بالاکوٹ میں 15 ملی میٹر، کاکول میں 5 ملی میٹر، مالم جبہ میں 9 ملی میٹر، کالم میں 5 ملی میٹر اور تیمرگرہ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: محکمہ موسمیات علاقوں میں ملی میٹر
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔