پاک بھارت ہاکی مقابلے، کرکٹ کی طرح ہائبرڈ ماڈل کے حق میں آوازیں بلند
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
لاہور:
پاک بھارت ہاکی مقابلوں میں بھی کرکٹ کی طرح ہائبرڈ ماڈل کے حق میں آوازیں بلند ہونے لگیں، چیف کوچ طاہر زمان نے تجویز دی کہ اگر دونوں روایتی حریف ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں کھیلنے کے لیے تیار نہ ہوں تو نیوٹرل وینیو پر میچز منعقد کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ میں رواں برس ایک معاہدہ ہوا جس کے تحت دونوں ٹیمیں اپنے ممالک میں شیڈول عالمی ایونٹس کے میچز کسی تیسرے وینیو پر کھیلیں گی، اب ہاکی میں بھی ایسے ہی کنٹریکٹ کیلیے آوازیں بلند ہونے لگی ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے چیف کوچ طاہر زمان نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان ٹیم کو بھارت میں شیڈول ہاکی ایشیا کپ میں حصہ لینا ہے مگر وہاں حکومتی منظوری نہ ملنے کے باعث معاملات تعطل کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں قوانین کو بخوبی جانتا ہوں، ان کی روشنی میں یہ فیصلے پاکستان یا بھارت کی مرضی سے نہیں بلکہ ایف آئی ایچ یا ایشین ہاکی فیڈریشن قواعد و ضوابط کے مطابق ہوتے ہیں، ہماری تیاری بھرپور ہے، سرحد پار جانے کا حتمی فیصلہ حکومت کی ہدایات کے مطابق کیا جائے گا، اس مسئلے کا مستقل حل کرکٹ کی طرح ہائبرڈ ماڈل اپنانا ہے، عالمی ایونٹس میں دونوں ٹیموں کواگر ایک دوسرے کے ملک جانے میں مسئلہ ہے تو نیوٹرل وینیو پر کھیلیں۔
چیف کوچ نے کہا کہ ایف آئی ایچ نیشنز کپ کے فائنل تک ٹیم کی رسائی بڑی کامیابی ہے، اس نے نہ صرف کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کیے بلکہ شائقین کو ایک بار پھر ہاکی سے جوڑ دیا، فائنل کے آغاز ہی میں 2گول ہونے سے ٹیم پر دباؤ بڑھ گیا، اس کا اثر کھلاڑیوں کی باڈی لینگویج میں بھی واضح طور پر دکھائی دیا، مقابلے کے دوران ٹیم میں وہ توانائی اور جذبہ نظر نہیں آیا جو ایسے مرحلے کے لیے درکار ہوتا ہے، یہ میچ ہمارے لیے ایک سبق ہے، ہم نے اس سے سیکھا کہ ایسے مواقع پر ذہنی طور پر زیادہ تیار اور پختہ ہونا ضروری ہے۔
مالی حالات اور ڈیلی الاؤنسز کی عدم فراہمی جیسے سوال پر ہیڈ کوچ نے کہا اگرچہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ کھلاڑیوں کو مکمل مالی سپورٹ حاصل نہیں، مگر اس کے باوجود وہ غیر معمولی جذبے کے ساتھ ہاکی کھیل رہے ہیں، جب تک ہم پلیئرز کو وہ سہولیات فراہم نہیں کرتے جن کے وہ مستحق ہیں ہم ان سے مستقل عالمی معیار کی کارکردگی کی توقع نہیں رکھ سکتے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم نے اپنی کارکردگی سے حکام کی توجہ حاصل کرلی اور اب ان مسائل کو حل کرنے کا وقت ہے، کھلاڑی جانتے ہیں کہ یہ وقت ان کے مسائل کو عوام اور فیصلہ سازوں تک پہنچانے کا بہترین موقع ہے، سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ اگر یہ ٹیم بغیر سہولیات کے یہ کارنامے انجام دے سکتی ہے تو مکمل سپورٹ کے ساتھ کہاں تک پہنچ سکتی ہے، اب حکومت، اداروں اور نجی شعبے کو بھی قدم بڑھانا ہوگا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: 6 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا
فائل فوٹوکراچی میں جیکسن کے علاقے میں بچی سے مبینہ زیادتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کے مطابق 6 سالہ بچی کی لاش آج دوپہر کو جیکسن کے علاقے سے ملی تھی، ملزم کی گرفتاری کے لیے جیسے ہی پولیس پہنچی، اُس نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ملزم ہلاک ہوگیا، جس کے پاس سے اسلحہ برآمد ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کل دوپہر کو لاپتا ہوئی تھی، آج اس کی لاش ملی، ابتدائی پوسٹ مارٹم میں بھی بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی تھی۔