پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے 15سال تک کے بچوں کو ویکسین دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے: مصطفیٰ کمال
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
---فائل فوٹو
وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے 15سال تک کے بچوں کو ویکسین دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایک بیان میں مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ 5 سال سے زائد عمر کے بچوں میں پولیو کے کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا، پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے نئی ڈیڈ لائن دسمبر 2026ء ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈریپ کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں جس کا ایک ہفتے بعد وزیرِ اعظم باقاعدہ افتتاح کریں گے، شہباز شریف جلد نئی ہیلتھ پالیسی کی منظوری دیں گے۔
پاکستان میں ایک اور بچہ پولیو سے متاثر ہوا ہے، اور متاثرہ بچوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
مصطفیٰ کمال کا یہ بھی کہنا ہے کہ 3 ماہ بعد پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر دوا پر بار کوڈ موجود ہو گا، بار کوڈ موبائل سے اسکین کر کے دوا کے اصل ہونے اور ایکسپائری کی مدت چیک کی جا سکے گی۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: پولیو کے
پڑھیں:
نیدرلینڈز میں غزہ کے معصوم بچوں کے لیے دل دہلا دینے والا احتجاج
نیدرلینڈز کے شہر المیرے میں غزہ کے معصوم شہید بچوں کی یاد میں ایک منفرد اور پراثر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، جس میں ہزاروں بچوں کے جوتے سڑک پر رکھے گئے تاکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جا سکے۔
یہ احتجاج اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینی بچوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا گیا۔ ٹاؤن اسکوائر پر منعقدہ اس پرامن مظاہرے میں شہریوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور فلاحی تنظیموں نے بھرپور شرکت کی۔
احتجاج کا منظر دیکھنے والوں کے لیے انتہائی جذباتی اور دردناک تھا، جہاں زمین پر بکھرے معصوم بچوں کے جوتے عالمی خاموشی پر سوالیہ نشان بنے نظر آئے۔
یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ گزشتہ برس بھی نیدرلینڈز کے شہر روٹرڈیم میں ایسے ہی ایک مظاہرے کے دوران 8 ہزار بچوں کے جوتے رکھ کر اسرائیلی مظالم کے خلاف پرزور احتجاج کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ یونیسیف کی تازہ رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 50 ہزار سے زائد بچے شہید یا زخمی ہو چکے ہیں۔ مجموعی طور پر اسرائیلی حملوں میں 56 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے بارہا خبردار کر چکے ہیں کہ غزہ اس وقت شدید قحط، پانی اور طبی امداد کی قلت جیسے خطرناک انسانی بحران کا شکار ہے۔