ن لیگ نے پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم عدالت میں چیلنج کردی
اشاعت کی تاریخ: 4th, July 2025 GMT
پشاور:
مسلم لیگ ن کی جانب سے پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم عدالت میں چیلنج کردی گئی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کا معاملہ الجھ گیا۔ مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ۔
مسلم لیگ ن نے بیرسٹر ثاقب رضا کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی خیبرپختونخوا اسمبلی میں 7 سیٹیں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 7سیٹوں پر 10مخصوص نشستیں دی ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) کو 7جنرل سیٹوں پر 8 مخصوص نشستیں دی گئی ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ نے صوبے میں 6 نشستیں جیتی ہیں، ایک آزاد ایم پی اے بھی 3 دن کے اندر شامل ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کو 6نشستوں کے تناسب سے مخصوص نشستیں دی ہیں۔
مسلم لیگ ن کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا اعلامیہ کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت الیکشن کمیشن کو دوبارہ تقسیم سے متعلق احکامات جاری کرے اوردرخواست پر حتمی فیصلے تک مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کو حلف سے روکا جائے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مخصوص نشستوں کی تقسیم الیکشن کمیشن اسمبلی میں مسلم لیگ ن
پڑھیں:
الیکشن کمیشن کا فیصلہ، پنجاب کے 3 حلقوں میں ضمنی پولنگ کے لیے نیا شیڈول جاری
الیکشن کمیشن نے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کی نئی تاریخ مقرر کر دی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے جاری شیڈول میں تبدیلی کے بعد نئی پولنگ تاریخ مقرر کی گئی، تمام متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا۔ این اے 66 وزیرآباد، این اے 129 لاہور اور پی پی 87 میانوالی میں ضمنی انتخاب 23 نومبر کو ہوں گے۔ واضح رہے کہ تینوں حلقوں میں ضمنی انتخابات سیلابی صورتحال کی وجہ سے ملتوی ہوئے تھے تاہم اب اس کی حتمی تاریخ دے دی گئی۔