UrduPoint:
2025-07-04@19:37:17 GMT

کراچی: لیاری میں رہائشی عمارت گرنے سے چھ افراد ہلاک

اشاعت کی تاریخ: 4th, July 2025 GMT

کراچی: لیاری میں رہائشی عمارت گرنے سے چھ افراد ہلاک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 04 جولائی 2025ء) کراچی کے علاقے لیاری میں آج بروز جمعہ کی صبح ایک پانچ منزلہ عمارت منہدم ہونے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائی میں مصروف ہیں۔

یہ واقعہ صبح پاکستان کے مقامی وقت دس بجے کے قریب پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔

لیاری، جو ماضی میں گینگ وار اور بدامنی کا گڑھ رہا ہے، اب بھی شہر کے پسماندہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔

عمارت کے مکین 30 سالہ شنکر کامھو، جو حادثے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھے، نے اے ایف پی کو بتایا کہ عمارت میں تقریباً 20 خاندان مقیم تھے۔ انہوں نے کہا، ''مجھے بیوی کا فون آیا کہ عمارت میں دراڑیں پڑ رہی ہیں، میں نے فوراً کہا کہ باہر نکل جاؤ۔

(جاری ہے)

وہ ہمسایوں کو خبردار کرنے گئی تو ایک خاتون نے کہا کہ یہ عمارت کم از کم مزید دس سال کھڑی رہے گی۔ لیکن میری بیوی نے بیٹی کو لیا اور نکل گئی۔ تقریباً 20 منٹ بعد عمارت گر گئی۔‘‘

کراچی پولیس کے ایک سینئر افسر عارف عزیز نے بتایا کہ اب تک چھ لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ چھ زخمیوں کو بھی ریسکیو کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق عمارت میں 100 کے قریب افراد رہائش پذیر تھے۔

ایدھی فاؤنڈیشن سے وابستہ ریسکیو اہلکار سعد ایدھی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ملبے تلے اب بھی ''کم از کم آٹھ سے دس افراد‘‘ دبے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے عمارت کو ''خستہ حال‘‘ قرار دیا اور انہوں نے بھی ہلاکتوں کی تعداد چھ بتائی۔

حادثہ پیش آنے کے فوراﹰ بعد قریبی رہائشیوں نے مدد کی کوشش کی، بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائی سنبھالی۔

پانچ سے زائد بھاری مشینیں ملبہ ہٹانے میں مصروف رہیں، تاہم تنگ گلیوں کے باعث انہیں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے راستہ صاف کرانے کے لیے بعض مقامات پر لاٹھی چارج بھی کیا۔

یاد رہے کہ جون 2020 میں بھی اسی علاقے میں ایک رہائشی عمارت گرنے سے 18 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

پاکستان میں عمارتوں اور چھتوں کے گرنے کے واقعات عام ہیں، جن کی بڑی وجہ ناقص تعمیراتی مواد اور حفاظتی معیارات کی کمی ہے۔ تاہم کراچی، جس کی آبادی دو کروڑ سے زائد ہے، میں غیر قانونی تعمیرات، پرانی انفراسٹرکچر، زیادہ آبادی اور عمارتوں کے قواعد کی کمزور نگرانی کی وجہ سے ایسے واقعات کی شرح زیادہ ہے۔

شکور رحیم اے ایف پی کے ساتھ

ادارت: کشور مصطفیٰ

.

ذریعہ: UrduPoint

کلیدی لفظ: تلاش کیجئے

پڑھیں:

5 سال، 55 جنازے… لیاری کی عمارتیں موت کا سبب کیوں بن رہی ہیں؟

کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی کے علاقے لیاری میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران عمارتیں منہدم ہونے کے کم از کم 4 بڑے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 55 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق سال 2020 میں عمارتیں گرنے کے سب سے زیادہ واقعات پیش آئے۔ مارچ 2020 میں بارشوں کے باعث ایک منزلہ عمارت گر گئی جس میں دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے۔

اسی سال جون میں دو الگ الگ حادثات میں پانچ منزلہ عمارتیں زمین بوس ہوئیں۔ ایک حادثہ لیاری کے علاقے میں پیش آیا جس میں 22 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ خداداد مارکیٹ کے قریب ایک اور عمارت گرنے سے 25 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

تازہ ترین واقعہ آج 4 جولائی 2025 کو لیاری کے بغدادی علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک رہائشی عمارت کے گرنے سے 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبے تلے مزید افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔

ان پانچ برسوں کے دوران چھتیں، چھجے اور کمزور دیواریں گرنے کے متعدد چھوٹے بڑے واقعات بھی پیش آئے، جن میں کئی شہری زخمی اور جاں بحق ہوئے۔

شہری حلقوں نے بار بار متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کر کے بروقت اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔
مزیدپڑھیں:جیمی اسمتھ نے بھارت کے خلاف تیز ترین سنچری جڑ دی

متعلقہ مضامین

  • کراچی: لیاری میں عمارت گرنے سے زخمی ہونے والے 6 افراد کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا
  • 5 سال، 55 جنازے… لیاری کی عمارتیں موت کا سبب کیوں بن رہی ہیں؟
  • لیاری میں گرنے والی عمارت رات سے جھول رہی تھی، آوازیں بھی آرہی تھیں
  • وزیراعلی سندھ نے لیاری میں رہائشی عمارت گرنے کا نوٹس لے لیا،خستہ حال عمارتوں کی فوری تفصیلات مانگ لیں
  • وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا لیاری میں رہائشی عمارت گرنے کا نوٹس، اہم احکامات جاری
  • وزیراعظم کا کراچی میں رہائشی عمارت گرنے اور جانی نقصان پر اظہار تعزیت
  • کراچی میں کثیر المنزلہ رہائشی عمارت گرگئی، 7 افراد جاں بحق
  • کراچی ، لیاری میں 5 منزلہ رہائشی عمارت گر گئی ، 4 افراد جاں بحق ، 6 زخمی
  • کراچی: لیاری میں 5 منزلہ عمارت منہدم، متعدد افراد ملبے تلے دب گئے