لیاری میں 107 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے، ایس بی سی اے
اشاعت کی تاریخ: 4th, July 2025 GMT
فوٹو: آن لائن
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کا کہنا ہے کہ ضلع جنوبی لیاری میں107 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے، گرنے والی عمارت کے اطراف متعدد مخدوش عمارتیں گرنے کا خدشہ ہے۔
ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ مخدوش عمارتیں خالی کرنے کیلئے متعدد نوٹسز جاری کیے، مون سون میں مخدوش عمارتوں سے حادثات کا خطرہ ہے۔
عمارت کی مالکن کے بھتیجے نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خاندان کے افراد چوتھی منزل پر رہتے تھے، خاتون کو تشویش ناک حالت میں نکالا گیا ہے، بیٹا انتقال کر گیا، تین رشتہ دار اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں 570 زائد قدیم عمارتوں کو مخدوش قرار دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے، ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ہیوی مشینری کی مدد سے گرنے والی عمارت کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، گرنے والی عمارت کے برابر والا ایک دو منزلہ مکان بھی جزوی طور پر متاثر ہوا، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
وزیراعظم کا کراچی میں رہائشی عمارت گرنے اور جانی نقصان پر اظہار تعزیت
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں رہائشی عمارت گرنے اور واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے دورے پر موجود وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں رہائشی عمارت گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی بلند ی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کے حوالے سے ریسکیو آپریشن تیز تر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر حکمت عملی ترتیب دی جائے ۔
مخدوش عمارتوں کی فہرست کے باوجود خالی نہ کرانا تشویشناک ہے، چیئرمین آباد
دوسری جانب چیئرمین آباد محمد حسین بخشی نے بھی لیاری میں 5 منزلہ رہائشی عمارت کے منہدم ہونے کے نتیجے میں درجنوں افراد کےزخمی ہونے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ افسوسناک ہے۔ مخدوش عمارتوں کی فہرست ہونے کے باوجود ایس بی سی اے کاعمارتوں کو خالی نہ کرانا تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عمارتوں کی حالت کا فوری جائزہ لے کر خستہ حال عمارتوں کو خالی کرانے کے اقدامات کرے۔ ریسکیو ٹیموں کو جدید مشینری اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔ ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے زخمی افراد کے لیے امدادی سرگرمیاں تیز کریں۔ آباد کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔