’’فنٹاسٹک فور‘‘ کے مشہور اداکار جولیان میک موہن 56 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
اشاعت کی تاریخ: 6th, July 2025 GMT
آسٹریلوی اداکار جولیان میک موہن، جو ’نپ/ٹک‘، ’چارمڈ‘ اور ’فنٹاسٹک فور‘ جیسی مشہور فلموں اور ٹی وی شوز میں اپنے کرداروں کی وجہ سے جانے جاتے تھے، طویل عرصے تک کینسر سے لڑنے کے بعد 2 جولائی 2025 کو 56 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
میک موہن آسٹریلیا کے سابق وزیراعظم سر ولیم میک موہن کے بیٹے تھے۔ ان کی اہلیہ کیلی میک موہن نے 4 جولائی کو اس المناک خبر کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ جولیان 2 جولائی کو فلوریڈا کے شہر کلیئرواٹر میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ کینسر کی مخصوص قسم کے بارے میں تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں۔
جولیان کی اہلیہ کے بیان کے مطابق ’’میں اپنے دکھ بھرے دل کے ساتھ دنیا کو بتانا چاہتی ہوں کہ میرے پیارے شوہر جولیان میک موہن کینسر پر قابو پانے کی بہادرانہ کوشش کے بعد اس ہفتے انتقال کرگئے۔ جولیان کو زندگی سے بے پناہ محبت تھی۔ وہ اپنے خاندان، دوستوں، کام اور مداحوں سے بہت پیار کرتے تھے۔ ان کی گہری خواہش تھی کہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی زندگیوں میں خوشیاں لے کر آئیں۔‘‘
فنی سفر
جولیان میک موہن نے اپنے کیرئیر کا آغاز آسٹریلوی ٹی وی شو ’ہوم اینڈ آوے‘ سے کیا تھا۔ انہوں نے ’پروفائلر‘، ’رن اوے‘ اور ’ایف بی آئی: موسٹ وانٹڈ‘ جیسے مشہور ٹی وی شوز میں بھی کام کیا۔ جب کہ سپرنیچرل کرداروں پر مبنی ٹی وی سیریز ’’چارمڈ‘‘ میں ان کا کردار کول ٹرنر بہت مقبول ہوا۔ ان کا سب سے مشہور فلمی کردار 2005 کی سپرہیرو فلم ’فنٹاسٹک فور‘ اور اس کے 2007 کے سیکوئل ’رائز آف دی سلور سرفر‘ میں ڈاکٹر ڈوم کا تھا۔
ان کی دیگر قابل ذکر فلموں میں ’ریڈ‘، ’فیسز ان دی کراڈ‘، ’پیرانوئیا‘، ’سوئنگنگ سفاری‘، ’مونسٹر پارٹی‘، ’دی سرفر‘ اور ’دی سپریمز ایٹ ارلز آل یو کین ایٹ‘ شامل ہیں۔
جولیان کی رحلت پر ’وارنر بروز ٹیلی ویژن‘ نے اپنے فیس بک پیج پر تعزیتی پیغام میں کہا، ’’ہم اپنے دوست جولیان میک موہن کے انتقال پر غمزدہ ہیں۔ ہماری دعائیں ان کے خاندان، دوستوں، ساتھیوں اور مداحوں کے ساتھ ہیں۔‘‘
جولیان میک موہن نے ماضی میں عوامی سطح پر اپنی صحت کے مسائل کے بارے میں بات کی تھی، جن میں پارکنسن کی بیماری کی تشخیص بھی شامل تھی۔ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری دنوں تک کینسر کے خلاف بہادری سے لڑائی جاری رکھی۔
ان کی اہلیہ نے اپنے بیان کے آخر میں کہا، ’’ہم ان یادوں کےلیے شکر گزار ہیں جو ہم نے اکٹھی بنائیں۔ اور ہم چاہتے ہیں کہ جن لوگوں کے چہروں پر جولیان مسکراہٹیں لائے، وہ زندگی میں خوشیاں تلاش کرتے رہیں۔‘‘
جولیان میک موہن اپنے پیچھے اہلیہ کیلی اور دو بچوں کو چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے مداح اور فلمی صنعت سے وابستہ افراد انہیں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
TagsShowbiz News Urdu.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
کمرے میں صرف کتوں کے ایوارڈ ہیں، مجھے ایک بھی ایوارڈ نہیں ملا، کاشف محمود
سینئر اداکار کاشف محمود نے حال ہی میں پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کے دوران اپنے کیریئر اور ایوارڈ شوز سے محرومی پر کھل کر بات کی۔
کاشف محمود نے حال ہی میں پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
اداکار نے کہا کہ انہیں اپنے آپ سے شکوہ ہے کہ انہوں نے خود کو صحیح وقت پر مارکیٹ نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی عمر کے کچھ اداکار آج بھی اتنے ہی مقبول ہیں جتنے وہ ماضی میں تھے، جیسے ہمایوں سعید، عدنان صدیقی اور احسن خان، لیکن وہ نہیں کیونکہ انہوں نے اپنے کیریئر کے عروج کے وقت خود کی اتنی تشہیر نہیں کی، نہ سرمایہ کاری کی اور نہ ہی اپنے اسٹائل کا اتنا خیال رکھا جتنا انہیں رکھنا چاہیے تھا۔
اداکار نے بتایا کہ جس دن وہ ہیرو سے کریکٹر کردار کی طرف آئے، ڈراموں کے کور پیج پر انہیں مناسب جگہ نہیں دی گئی، لیکن انہوں نے اس کی ڈیمانڈ نہیں کی اور نہ کسی سے اس بارے میں لڑائی کی۔
ان کے مطابق اگر پاکستان کے کم پہچانے جانے والے اداکاروں کی فہرست بنائی جائے، تو وہ بھی اس میں شامل ہوں گے اور اس کے ذمے دار وہ خود ہیں کیونکہ انہوں نے وقت پر خود کو مارکیٹ نہیں کیا۔
انہوں نے اپنے دکھ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بچے اکثر ان سے سوال کرتے ہیں کہ انہیں ایوارڈ شوز میں کیوں نہیں بلایا جاتا۔
کاشف محمود کے مطابق کچھ عرصہ قبل برمنگھم میں ایوارڈ شوز ہوئے، اس دوران وہ بھی وہاں موجود تھے، سب کو لگ رہا تھا کہ وہ بھی ایوارڈ شو میں جائیں گے، لیکن انہیں مدعو نہیں کیا گیا، جس کی انہیں تکیلف ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی ان کے کمرے میں جائے گا تو اسے وہاں پر ان گنت ایوارڈز نظر آئیں گے، لیکن ان میں سے ایک بھی ان کا نہیں ہے بلکہ سب ان کے کتوں کے ہیں، جو مختلف مقابلوں میں حاصل کیے گئے ہیں، جب کہ وہ ایوارڈ کے لیے نامزد بھی صرف ایک بار ہوئے ہیں۔
اداکار نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اب انڈسٹری میں یہ بات اہمیت نہیں رکھتی کہ کون زیادہ شوٹ کر رہا ہے، بہتر اداکاری کر رہا ہے یا کم ری ٹیک دے رہا ہے، بلکہ اہمیت اس بات کی ہے کہ کون زیادہ مقبول ہے۔