نانگا پربت سر کرنے والی قطری شہزادی شیخہ اسما سیاحت کی سفیر مقرر
اشاعت کی تاریخ: 9th, July 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے قطری کوہ پیما اور شاہی خاندان کی رکن شیخہ اسما آل ثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی سفیر مقرر کر دیا۔ شیخہ اسما نے حال ہی میں دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کر کے یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی قطری خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ نانگا پربت کو ’ قاتل پہاڑ ’ بھی کہا جاتا ہے، 8126 میٹر بلند یہ چوٹی شدید موسمی حالات اور دشوار گزار راستوں کے باعث دنیا کی خطرناک ترین چڑھائیوں میں شمار ہوتی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیراعظم نے شیخہ اسما کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے لکھا کہ’ مجھے خوشی ہے میں شیخہ اسما آل ثانی کو ان کی بلند خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی سفیر مقرر کر رہا ہوں۔ نانگا پربت سر کرنے پر میری دلی مبارکباد۔ یہ واقعی قابلِ ستائش اور متاثر کن کارنامہ ہے۔ ان کی کامیابی حوصلے اور عزم کا پیغام دیتی ہے اور پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار دوستی کی علامت ہے۔ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں شیخہ اسما نے چوٹی تک پہنچنے کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور اس سفر کے جذباتی اثرات کو بیان کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’یہ میری نویں آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹی اور اب تک کی سب سے مشکل چڑھائیوں میں سے ایک ہے، اس پہاڑ نے مجھے ایسے امتحان میں ڈالا جس کی مجھے توقع نہیں تھی۔ شیخہ اسما نے نانگا پربت کی چوٹی پر قطر کا قومی پرچم لہرایا اور ایسا کرنے والی پہلی قطری خاتون بن گئیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: نانگا پربت نے والی
پڑھیں:
قطری شہزادی نے”قاتل پہاڑ” کی چوٹی پر قومی پرچم لہرادیا
قطری شہزادی شیخہ اسماء آل ثانی پاکستان کی خطرناک اور 8,126 میٹر بلند پہاڑی چوٹی نانگا پربت سر کرنے والی پہلی قطری خاتون بن گئیں۔
شیخہ اسماء نے شدید موسم، برفانی طوفان اور دشوار گزار راستوں کے باوجود نانگا پربت، جسے “قاتل پہاڑ” کے نام سے جانا جاتا ہے کی چوٹی پر قومی پرچم لہرایا۔ ان کا یہ کارنامہ نہ صرف کوہ پیمائی کی دنیا میں ایک نمایاں کامیابی ہے بلکہ عالمی سطح پر خواتین کو بااختیار بنانے کی تحریک میں بھی ایک روشن مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
شیخہ اسماء کا یہ کارنامہ اُن کی 14 بلند ترین چوٹیوں کی مہم میں نواں کامیاب مرحلہ ہے، نانگا پربت کی فتح کے ساتھ شیخہ اسماء عالمی کوہ پیماؤں کی صف میں نمایاں ہو گئیں۔
شیخہ اسماء کی یہ کامیابی نہ صرف قطر کے لیے باعث فخر ہے بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔