کراچی میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیراہتمام شاندار ریلی
اشاعت کی تاریخ: 9th, July 2025 GMT
مقررین نے کہا کہ بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے ممتاز نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کو ان کے نویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کراچی میں ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق آرٹس کونسل سے پریس کلب تک ریلی کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی جبکہ حریت رہنمائوں ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ، سید یوسف نسیم، زاہد اشرف، شیخ عبدالماجد اور راجہ خادم حسین نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ ریلی میں پیپلز پارٹی کے عامر غفار لون، مرکزی مسلم لیگ کے فیصل ندیم اور دیگر جماعتوں کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔
مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے برہان مظفر وانی اور دیگر شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے جیلوں میں نظربند کشمیری رہنمائوں اور حریت پسند نوجوانوں کو بھی ان کی ثابت قدمی پر خراج تحسین اور سلام پیش کیا۔ مقرین نے کہا کہ بھارت کے خلاف تاریخی فتح سے پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر اسے ایسا سبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے جدوجہد آزادی میں بے پنا ہ قربانیاں دی ہیں اور ان کی جدوجہد کامیاب ہو کر رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کشمیری ماورائے عدالت قتل، گرفتایاں ، نظربندیاں اور دیگر مظالم برداشت کر رہے ہیں لیکن ان کا جذبہ حریت دن بدن بڑھتا جا رہا ہے اور وہ بھارت سے ہر صورت میں آزادی چاہتے ہیں۔ مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرے اور بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کرانے پر آمادہ کرے۔
دریں اثناء برہان وانی کے یوم شہادت پر کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام بھی ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما غلام عباس میر، سینئر مسلم لیگی رہنما و سابق پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر فرازانہ نذیر، حریت رہنما انجینئر مشتاق محمود، انچارج سنٹر انعام الحسن، پی ٹی آئی رہنما فاروق آزاد، مسلم لیگی رہنما قاضی انوار، سابق کونسلر حاجی اعجاز، ممتاز ادیب پروفیسر نذر بھنڈر، معروف مذہبی اسکالر علامہ فداء الرحمان حیدری، شیخ امجد اقبال، نذیر بیگ و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ برہان وانی ایک نظریہ، ایک علامت اور ایک ناقابل شکست حوصلے کا نام ہے۔ انہوں نے کشمیری نوجوانوں کی بھرپور قیادت کی اور انہیں اپنے وطن کی آزادی، حریت اور قابض بھارتی فوج کے خلاف جہاد کے لیے بھرپور انداز میں تیار کیا۔ شہید برہان وانی نے تحریک آزادی کشمیر کو نئی جہت، نئی روح اور ایک واضح سمت دی۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک جانب بھارتی فوج کے مظالم دنیا کے سامنے بے نقاب کئے اور دوسری جانب نوجوانوں کو جہاد کی ترغیب دی اور ان میں آزادی کی ایسی تڑپ پیدا کی جس نے بھارتی فوج کی راتوں کی نیند حرام کر دی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا نے کہا کہ
پڑھیں:
مقررین کا شہید برہان مظفر وانی کو یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت
ذرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مقررین نے پاکستان آرٹس کونسل کراچی اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیراہتمام برہان مظفر وانی کی شہادت کی نویں برسی کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلام ٹائمز۔ کراچی میں منعقدہ سیمینار کے مقررین نے شہید نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ برہان وانی کی جدوجہد اور مشن کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مقررین نے پاکستان آرٹس کونسل کراچی اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیراہتمام برہان مظفر وانی کی شہادت کی نویں برسی کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ”شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے” کے عنوان سے سیمینار کے مقررین میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی، سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی، حریت رہنمائوں سید پرویز شاہ ایڈووکیٹ، سید یوسف نسیم، رکن سندھ اسمبلی طحہٰ احمد خان، دیگر سیاسی رہنمائوں سردار صغیر ایڈوکیٹ، ندیم اعوان، ارشد شاہ، سردار نزاکت، کشمیری رہنما اقبال کشمیری، سردار ام کلثوم اور دیگر شامل تھے۔
غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ افواج پاکستان نے بھارت کو حالیہ جنگ میں منہ توڑ شکست دے کر مودی کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان کو سلام پیش کیا۔ غلام صفی نے کہا کہ شہید برہان مظفر وانی کی بھارتی تسلط سے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد اور مشن کو جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو موثر طور پر اجاگر کرنے کیلئے پاکستان کی سفارتی مہم کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کل برہان وانی کے یوم شہادت کے موقع پر ایک عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی۔
سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مقبوصہ کشمیر کی عوام کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ برہان وانی کی شہادت کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سب جماعتیں متحد ہیں۔ پیپلز پارٹی کے قیام کی بنیاد مسئلہ کشمیر ہے۔ شہید ذوالققار علی بھٹو نے کہا تھا کہ کشمیر کیلئے ہزار سال جنگ لڑنی پڑے تو ہم لڑیں گے۔ بے نظیر بھٹو نے کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ بلاول بھٹو زرداری اس مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ پر بھارت نے جھوٹا الزام لگا کر پاکستان پر جنگ مسلط کی جس کو افواج نے ناکام بنا کر مودی حکومت کو شکست دی۔ عالمی سطح پر بھارت تنہا ہو گیا ہے۔بھارت اب تسلیم کر رہا یے ہمارے چار پائلٹ ہلاک ہوئے، یہ پاکستان کی جیت ہے۔
سید پرویز شاہ ایڈوکیٹ اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہ حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتی ہے۔ برہان وانی شہید نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی جہت پیدا کی۔ ہر کشمیری نوجوان اب برہان وانی بنا چاہتا ہے۔ بھارت کی کوشش ہے کہ برہان وانی کے کردار کو ختم کیا جائے لیکن یہ کشمیری عوام کا ہیرو ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل منگل کو شہید برہان وانی کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آرٹس کونسل سے کراچی پریس کلب تک ”بنیان مرصوص ریلی”نکالی جائے گی۔