سینیٹ الیکشن سے متعلق کسی جماعت نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ نہیں کیا، ترجمان جے یو آئی
اشاعت کی تاریخ: 11th, July 2025 GMT
ترجمان جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا مولانا عبدالجلیل جان نے واضح کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق اب تک مولانا فضل الرحمان سے کسی جماعت نے رابطہ نہیں کیا ہے۔
اپنے بیان میں ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ اگر کسی جماعت نے رابطہ کیا تو جے یو آئی کے دروازےکھلے ہیں۔
پیپلز پارٹی وفد اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں خیبر پختونخوا کے سینیٹ انتخابات سے متعلق مشاورت کی گئی۔
ترجمان جے یو آئی خیبر پختونخوا عبدالجلیل جان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے ہمارے پاس آرہے ہیں مگر مجلس عاملہ عمومی نے پی ٹی آئی سے اتحاد کی منظوری نہیں دی ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے خورشید شاہ کی قیادت میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے جس میں خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن پر بات چیت کی گئی ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: مولانا فضل الرحمان خیبر پختونخوا سینیٹ الیکشن جے یو آئی
پڑھیں:
خیبر پختونخوا سے سینیٹ الیکشن میں بولیاں لگنا شروع
پشاور:خیبر پختونخوا سے سینیٹ الیکشن میں بولیاں لگنا شروع ہوگئیں، حکومتی پارٹی کے بعض ارکان اسمبلی نے انکشاف کیا ہے کہ سینٹ الیکشن میں اپوزیشن کے بعض امیدواروں نے ووٹ لینے کے لیے پیسوں کی آفر کی ہے جس پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ارکان اسمبلی سے رپورٹ مانگ لی ہے۔
تحریک انصاف نے 5 اگست کو احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرنے کے لیے کل ہفتے کے روز لاہور میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گزشتہ شپ وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ہوا جس میں ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے ارکان اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔
اجلاس کے حوالے سے تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سینیٹ الیکشن اور 5 اگست کو احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا گیا، اجلاس میں ارکان کی جانب سے احتجاج کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا کہ ہر بار احتجاج میں خیبر پختونخوا کے ورکرز کو ایندھن بنایا جاتا ہے، اس بار پنجاب اور اسلام آباد کو بھی باہر نکلنا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق احتجاج کے لائحہ عمل کے حوالے سے پورے پاکستان سے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو لاہور میں کل ہفتے کے روز طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بعض ارکان اسمبلی نے انکشاف کیا کہ اپوزیشن کے بعض امیدوار ووٹ کے لیے ان سے رابطے کر رہے ہیں اور پیسوں کی بھی آفر کی جا رہی ہے، جس پر وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے ارکان کو ہدایت کی کہ انھیں اس حوالے سے باخبر رکھا جائے۔
اس حوالے سے ترجمان پی ٹی آئی ملک عدیل نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں احتجاج کے حوالے سے مشاورت کی گئی، اجلاس میں ارکان سے پوچھا گیا کہ سینیٹ الیکشن میں پیسوں کی آفر تو نہیں ہو رہی، وزیراعلیٰ کی ہدایت ہے کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے انھیں باخبر رکھا جائے۔
احتجاج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، لاہور میں ہونے والے اجلاس میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا، قیادت نے جو حکم دیا اسی پر عمل کیا جائے گا۔