فرسودہ نظام سے ترقی ممکن نہیں، عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی معاونت ضروری: وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 12th, July 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سات دہائیوں سے اس ملک کو جس نظام سے چلانے کی کوشش کی گئی اس سے پاکستان کی ترقی ممکن نہیں، فرسودہ نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کئے بغیر معاشی ترقی اور خوشحالی نہیں آسکتی۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وزارت بجلی کی جانب سے گورننس کی بہتری اور اصلاحات کیلئے ماہرین پر مشتمل نظام پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے وزارتوں کی کارکردگی بڑھانے کیلئے ہر شعبے کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کردی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالامال ہے، پاکستان کی نوجوان افرادی قوت پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، باصلاحیت پاکستانی پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔ حکومت کی اولین ترجیحات میں فرسودہ نظام کو جدید ڈیجیٹل اور مؤثر گورننس کے نظام میں تبدیل کرنا ہے، اویس لغاری اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت قابل تعریف ہے، وزارت بجلی کی اصلاحات، نقصانات میں کمی اور قومی خزانے کو اربوں روپے کی بچت باقی وزارتوں کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔ نظام کی تبدیلی کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی معاونت انتہائی ضروری ہے، شعبے کے ماہرین اور کنسلٹنٹس جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اصلاحات سے نئی سوچ اور گورننس کے طریقہ کار کو رائج کرنے میں معاون ہوں گے۔ وزیراعظم نے بہترین افرادی قوت کی بھرتی، وزارتوں کو جدید نظام سے ہم آہنگ کرنے اور اصلاحات سے گورننس کی بہتری کی تجاویز کے حوالے سے کمیٹی کے قیام کی بھی ہدایت کردی۔ کمیٹی وزارت بجلی کی اصلاحات کو مد نظر رکھتے ہوئے باقی وزارتوں و اداروں کی تنظیمِ نو کے حوالے سے قابل عمل تجاویز کو حتمی شکل دے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نیشنل الیکٹرسٹی پلان کے تحت وزارت میں 134 تزویراتی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا گیا ہے۔ اجلاس کو شعبے کے ماہرین کی پروفائلز اور رائج کردہ نظام کے تحت وزارت کی موجودہ ورکنگ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ عالمی یوم آبادی کے موقع پر پیغام میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آبادی میں پائیدار اضافے اور جامع ترقی کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس سال عالمی یوم آبادی کا موضوع نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے، جو پاکستان کے موجودہ آبادیاتی منظرنامے کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ماہرین کی
پڑھیں:
سالار نظام ختم، ایران ، عراق جانیوالے زائرین کیلئے حکومت کا اہم فیصلہ
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)(ویب ڈیسک ) ایران، عراق، شام جانے والے زائرین کے حوالے سے وفاقی حکومت نےاہم فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 2021ء میں متعارف کرائی گئی پالیسی پر تیزی سے عملدرآمد کا فیصلہ کرلیا گیا۔وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سالار نظام کو ختم، اسکی جگہ زیارات گروپ آرگنائزرز سسٹم متحرک ہوگا،حج و عمرہ کی طرح اب زیارات مقدسہ کیلئے بھی وزارت مذہبی امور میں رجسٹریشن لازم ہوگی۔
ترجمان مذہبی امور2021ء میں درخواستیں طلب کی گئی تھیں اب تک 585 دستاویزات و کوائف کمپنیز نے مکمل کئے،زیارات گروپس کی رجسٹریشن کیلئے وزارت مذہبی امور نے ایک اور موقع فراہم کیا ہے۔
گروپ یا کمپنی کی رجسٹریشن کیلئے کردار، مالی شفافیت کیساتھ میزبان ملک میں بلیک لسٹ نہ ہونا لازم ہے۔زیارات گروپ آپریٹر کے طور پر کام کا تجربہ، دستاویزی ثبوت، آڈیٹر یا مالیاتی بینک کی رپورٹ بھی لازم قرار دی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ نئی کمپنیاں 10 اگست 2025ء سے قبل درخواستیں جمع کرانے کی پابند ہونگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نجف و کربلا، مشہد و قم، کاظمین و دمشق کے زائرین کی مشکلات کے پیش نظر اقدام اٹھایا گیا۔