پنجاب میں مون سون بارشوں کا طوفانی آغاز، لاہور سمیت متعدد شہر بھیگ گئے
اشاعت کی تاریخ: 12th, July 2025 GMT
پنجاب میں مون سون بارشوں کا طاقتور سپیل شروع ہو گیا جس کے نتیجے میں لاہور سمیت مختلف شہروں میں تیز بارش ہوئی اور موسم خوشگوار ہو گیا صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقوں مال روڈ گلشن راوی داتا دربار اسلامپورہ ڈیوس روڈ اور لکشمی چوک میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا بارش کے باعث متعدد علاقوں میں فیڈر بند ہو گئے جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی شہریوں کو گرمی سے تو نجات ملی مگر بجلی کی بندش سے مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا رحیم یار خان خان پور کندیاں اور کلور کوٹ سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جس سے گلیاں اور سڑکیں جل تھل ہو گئیں محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں 17 جولائی تک وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی، طوفان اور شمالی علاقوں میں گلوف کا امکان، الرٹ جاری
اسلام آباد:
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی، طوفان اور شمالی علاقہ جات میں گلیشئیر کے پھٹنے سے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے الرٹ میں بتایا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور ممکنہ بارشوں کے باعث گلیشیائی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے لہٰذا ہنزہ، شگر، گانچھے اور چترال کے دریاؤں کے قریب رہائشی محتاط رہیں۔
این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے خیبر پختونخواہ، جی بی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو حساس علاقوں کی نگرانی کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
الرٹ میں کہا گیا کہ اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان اور بہاولنگر کے ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں ممکنہ طور پر سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع بشمول ژوب، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، زیارت، ڈیرہ بگٹی، سبی، چمن، کوئٹہ، مستونگ، قلات، سراب، خضدار،آوران اور پنجگور کے ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ، بجلی کی بندش اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہیں۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ہو جاتا ہے لہٰذا محتاط رہیں اور متعلقہ ادارے حساس علاقوں میں ایمر جنسی مشینری اور آلات کی بروقت دستیابی یقینی بنائیں۔
این ڈی ایم اے نے الرٹ میں کہا کہ عوام سے التماس ہے کہ نالوں، دریاؤں، اور تیز بہاؤ والی آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور سیاح حضرات گلیشیئر کے قریبی علاقوں میں جانے، تصاویر بنانے یا ٹریکنگ سے گریز کریں۔
این ڈی ایم اے نے ہنگامی صورت حال میں سڑکوں کی بحالی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنایا جائیں اور عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔
Tagsپاکستان