سوات میں افسوس ناک واقع، مدرسہ کے استاد کا تشدد، 14 سالہ طالب علم جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 22nd, July 2025 GMT
سوات کی تحصیل خوازہ خیلہ کے علاقے چالیار میں واقع ایک دینی مدرسہ میں مبینہ طور پر استاد کے تشدد سے 14 سالہ طالب علم جاں بحق ہوگیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق مدین سے تعلق رکھنے والا کم عمر طالب علم فرحان ایاز معمول کو سبق یاد نہ کرنے پر مدرسہ کے دو معلمین بخت امین اور عمر فاروق نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔عینی شاہد طالب علم کے مطابق واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب معلمین نے فرحان پر لاٹھی، ڈنڈوں اور ہاتھوں سے مبینہ طور پر مسلسل وار کیے جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی اور بعد میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعہ کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے علاقے میں پھیل گئی جس کے بعد مقامی افراد نے شدید احتجاج کیا اور مدرسے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں نامزد معلمین کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ بچے کے لواحقین نے حکومت سے فوری انصاف کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مدرسوں میں بچوں پر تشدد معمول بنتا جا رہا ہے جس کا فوری نوٹس لیا جانا چاہیے، عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ نہ صرف اس واقعہ کے ذمہ داروں کو مثالی سزا دی جائے بلکہ مدارس کے اندرونی نظام، تربیتی طریقہ کار اور اساتذہ کی نگرانی کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کا اعادہ نہ ہو.
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: طالب علم
پڑھیں:
سابق وزیراعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی کا انتقال: زرداری، شہباز‘مراد شاہ کا افسوس
کراچی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ، نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی علالت کے باعث انتقال کرگئے۔ اہلخانہ کے مطابق ان کا انتقال کراچی میں ہوا۔ مرحوم آفتاب شعبان میرانی کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی۔ مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹا اور تین بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ آفتاب شعبان میرانی کا شمار پی پی کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ بینظیر بھٹو شہید کے قریبی ساتھیوں میں شامل رہے۔ ان کا تعلق ضلع شکار پور کے بااثر سیاسی خاندان سے تھا۔ 1990ء کی دہائی میں وزیراعلیٰ سندھ بعد ازاں وزیر دفاع بھی رہے۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور لواحقین کے لئے صبر کی دعا کی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے بھی سابق وزیراعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔