کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات، 5 افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 24th, July 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد ایک بار پھر فائرنگ کے واقعات کی لپیٹ میں آگیا، جہاں مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں مجموعی طور پر 5 افراد زخمی ہوگئے، جن میں دو نوعمر لڑکے بھی شامل ہیں۔
بلدیہ رئیس گوٹھ میں فائرنگ کے واقعے میں 35 سالہ صادق زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ چھیپا ذرائع کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا، تاہم موچکو پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ ذاتی جھگڑے کا شاخسانہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب گلشن اقبال بلاک 9 عزیز بھٹی پارک کے قریب فائرنگ سے 65 سالہ شیر غنی زخمی ہوگیا، جسے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ عزیز بھٹی پولیس کا کہنا ہے کہ اسے نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگی، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
نیو کراچی صنعتی ایریا میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں سراج الاسلام مسجد کے قریب فائرنگ سے 14 سالہ لڑکا حمزہ زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ حمزہ فائرنگ کی زد میں آگیا اور گولی اس کی ٹانگ پر لگی۔ زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسی علاقے میں ایک اور واقعے میں ساڑھے چھ نمبر چراغ الاسلام مسجد کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکاندار کاشف اور راہگیر 15 سالہ حمزہ زخمی ہوگئے۔
ایس ایچ او رضوان قریشی کے مطابق ڈاکو لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اسپتال منتقل
پڑھیں:
کراچی میں کھلے مین ہول میں گر کر 7 سالہ بچہ جاں بحق
شہر قائد کے علاقے مواچھ گوٹھ میں کھلے مین ہول میں گر کر 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مواچھ گوٹھ کے نور شاہ محلے میں 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گرکر جاں بحق ہوا جس کی شناخت جہانگیر کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او موچکو واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ بچہ گھر کے قریب کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گرا۔
کھلے مین ہول میں گرکر بچے کی ہلاکت پر اہل خانہ شدت غم سے نڈھال ہوگئے اور واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا۔
مواچھ گوٹھ میں کھلے مین ہول میں گرنے سے بچے کی ہلاکت کے بعد علاقہ مکینوں نے بچے کی میت رکھ کر احتجاج کیا اور حب ریور روڈ و ناردرن بائی پاس پر ٹریفک کو بند کردیا۔