راولپنڈی میں غیرت کے نام پر خاتون کے قتل کا انکشاف، عدالت کی طرف سے قبرکشائی کا حکم
اشاعت کی تاریخ: 25th, July 2025 GMT
راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں ایک شادی شدہ لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کیے جانے کا لرزہ خیز انکشاف سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ 17 اور 18 جولائی کی درمیانی شب پیش آیا اور قتل جرگے کے کہنے پر کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ کی عمر 19 برس تھی اور اس کی شادی جنوری میں ہوئی تھی، جسے صرف 7 ماہ گزرے تھے۔ علاقہ مجسٹریٹ قمر عباس نے مقتولہ کی قبر کشائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: کوئٹہ: غیرت کے نام پر قتل،جرگہ سسٹم کیسے کام کرتا ہے؟
پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ لڑکی کو جرگے کے حکم پر قتل کیا گیا، جس میں لڑکی اور اس کے شوہر کے خاندانوں کے افراد شامل تھے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث 8 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں جرگہ ممبران کے علاوہ قبرستان کمیٹی کا سیکریٹری اور گورکن بھی شامل ہیں، خاتون کو قتل کے بعد بغیر جنازہ پڑھے خفیہ طور پر دفن کیا گیا۔
مقتولہ کے شوہر ضیاء الرحمان نے قتل کے 4 دن بعد یعنی 21 جولائی کو تھانے میں ایف آئی آر درج کروائی، جس میں الزام لگایا کہ اس کی بیوی گھر سے بھاگ گئی ہے اور عثمان نامی شخص سے غیر شرعی نکاح کر لیا ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: کوئٹہ میں غیرت کے نام پر دوہرے قتل کا واقعہ
عدالت نے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ ہفتے کے روز ہونے والی قبر کشائی کے دوران سیکیورٹی کے مکمل انتظامات کیے جائیں۔ مجسٹریٹ نے مقتولہ کے ورثا کو 26 جولائی کے لیے نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اقتل پیرودھائی جرگہ خاتون غیرت قبرستان.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اقتل پیرودھائی جرگہ خاتون قبرستان غیرت کے نام پر
پڑھیں:
ڈیگاری دہرے قتل کیس: مرکزی ملزم تاحال مفرور، مقتولہ کی والدہ 2 روزہ پولیس ریمانڈ پر
ڈیگاری میں پیش آئے دوہرے قتل کے ہولناک واقعے میں تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ واقعے میں ملوث مرکزی ملزم جلال، جو مقتولہ بانو بی بی کا سگا بھائی بتایا جا رہا ہے، تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔ پولیس کے مطابق، وائرل ویڈیو میں جلال کو مقتولین پر فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور آئی جی پولیس کی جانب سے سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیے بلوچستان میں قتل خاتون کے والدین کا بیان قرآن و سنت کے خلاف ہے، پاکستان علما کونسل
اس مقدمے میں اب تک 13 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں قبائلی سردار شیر باز ساتکزئی اور بشیر احمد بھی شامل ہیں۔ ان دونوں ملزمان کو گزشتہ روز انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 روز کی توسیع کر دی۔
دوسری جانب آج کیس میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، مقتولہ بانو بی بی کی والدہ گل جان کو بھی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کی استدعا پر عدالت نے گل جان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے تاکہ تفتیش کو آگے بڑھایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں مرد اور خاتون کے قتل کا فیصلہ سنانے والے بلوچ سردار شیزباز خان ساتکزئی کون ہیں؟
پولیس حکام کے مطابق کیس کی تفتیش حساس نوعیت اختیار کر چکی ہے اور اس کی ہر زاویے سے چھان بین جاری ہے۔ جلد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بانو بی بی بلوچستان دوہرا قتل کیس