ایم ڈبلیو ایم وحدت امت اور مظلومین کی حمایت کی علامت بن چکی ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اشاعت کی تاریخ: 26th, July 2025 GMT
جیکب آباد میں منعقدہ صدائے عدل کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم اور اسکے نڈر سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پاکستان میں بیدار تشیع، وحدت امت اور عالمی مظلومین کی حمایت کی علامت بن چکے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آج دنیا ظلم، جبر اور بربریت سے بھری ہوئی ہے۔ غزہ سے لے کر پاکستان تک مظلومیت کی داستان رقم کی جا رہی ہے، جبکہ دنیا کے حکمران اور مقتدر طبقے خود ان مظالم کے سرپرست بن چکے ہیں۔ جب چوکیدار ہی چور بن جائے تو انصاف کی توقع فضول ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت یوتھ پاکستان لاڑکانہ ڈویژن کے زیر اہتمام جیکب آباد میں منعقدہ تیسرے سالانہ "صدائے عدل ڈویژنل کنونشن" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اللہ بخش سجادی کو وحدت یوتھ پاکستان لاڑکانہ ڈویژن کا ڈویژنل صدر منتخب کر لیا گیا۔ کنونشن میں وحدت یوتھ کے سابقہ ذمہ داران، مختلف اضلاع کے نمائندگان، اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا دنیا اس وقت ایک عادل پیشوا اور نجات دہندہ کی منتظر ہے، اور وہ نجات دہندہ حضرت امام مہدی علیہ السلام ہیں، جن کے ظہور سے زمین عدل و انصاف سے بھر جائے گی۔ یہ وعدہ اللہ کا ہے، جو تورات، انجیل، زبور اور قرآن میں بار بار دہرایا گیا ہے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے اس بات پر زور دیا کہ آج نائب امام مہدی علیہ السلام، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں دنیا بھر کے اہلِ حق ظلم و ستم کے خلاف متحد ہو کر عالمی مزاحمتی تحریک کا حصہ ہیں۔ یہ تحریک شیاطین عالم خصوصاً امریکہ اور اسرائیل جیسی استکباری قوتوں کے خلاف ہے، جنہوں نے فلسطین میں عورتوں، بچوں اور معصوم شہریوں پر قیامت ڈھا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری امریکی و اسرائیلی ظلم و بربریت پر پوری دنیا بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہے۔ کیمروں کی موجودگی میں فلسطینیوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔ مگر اقوام عالم اور انسانی حقوق کے علمبردار خاموش ہیں، کیونکہ دنیا پر قابض شیطان صفت ظالم حکمران اس ظلم کے پشت پناہ بن چکے ہیں۔
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینیؒ نے جس انقلابی راستے کی نشاندہی کی تھی، ہم اسی راستے کے راہی ہیں۔ ہمیں آج بھی قائد شہید سے اس عہد وفا کو نبھانا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور اس کے نڈر سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پاکستان میں بیدار تشیع، وحدت امت اور عالمی مظلومین کی حمایت کی علامت بن چکے ہیں۔ راجہ ناصر عباس جعفری ایوان بالا میں مظلوموں کے ترجمان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایوانِ بالا میں راجہ ناصر عباس جعفری نے جس جرأت اور بہادری سے عالمی استکبار کے خلاف آواز اٹھائی، وہ قابلِ تحسین اور تمام پاکستانی سیاست دانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: علامہ مقصود ڈومکی بن چکے ہیں ڈومکی نے انہوں نے کہا کہ نے کہا
پڑھیں:
پاک فوج مزاحمت کی علامت اور خطے میں امن کی ضامن ہے، چین
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقاتیں کیں۔ اسلام ٹائمز۔ چیف آف آرمی اسٹاف پاکستان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے بیجنگ میں چینی سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور چین کے درمیان اسٹرٹیجک شراکت داری کی مضبوطی کا اعادہ کیا گیا۔ چینی قیادت نے پاکستانی افواج کو جنوبی ایشیا کے امن کی علامت قرار دے دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی و عالمی سیاسی صورتحال، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت روابط، اور مشترکہ جیو اسٹریٹیجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک نے دو طرفہ تعلقات کی گہرائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خودمختاری، کثیرالجہتی تعاون اور طویل المدتی علاقائی استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی قیادت نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے مزاحمت کی علامت اور خطے میں امن کا ضامن قرار دیا۔ عسکری سطح پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب چیئرمین جنرل ژانگ یو ژیا، پی ایل اے آرمی کے سیاسی کمشنر جنرل چن ہوئی اور چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی ژائی جون سے ملاقاتیں کیں۔ پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں افواج کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، انسداد دہشت گردی، مشترکہ تربیت، عسکری جدیدیت، اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ سمیت دیگر اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے ہائبرڈ اور سرحد پار خطرات سے نمٹنے کے لیے عملی تعاون اور اسٹریٹیجک ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ چینی عسکری قیادت نے دوطرفہ دفاعی شراکت داری پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے علاقائی امن میں کلیدی کردار کو سراہا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام شعبہ جات میں فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔