کراچی: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے برگر فروش جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 27th, July 2025 GMT
لیاری کھڈا مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے برگر فروش جاں بحق ہوگیا۔ پولیس واقعے کو ذاتی رنجش کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کلری کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال لیجائی گئی جہاں مقتول کی شناخت 30 سالہ محمد عادل کے نام سے ہوئی۔جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر کے شواہد حاصل کیے ہیں۔
ایس ایچ او کلری سلیم مروت نے بتایا ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول عادل برگر فروش تھا جس اپنے ٹھیلے پر موجود تھا کہ اس دوران دو موٹر سائیکل پر سوار تین ملزمان آئے تھے جس میں سے ایک نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔مقتول لیاری دریا آباد گلی 12 کا رہائشی تھا جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 4 خول ملے ہیں۔تاہم، پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایس آئی یو کی کارروائی، منشیات فروشوں کے قبضے سے ڈیڑھ کروڑ کی منشیات برآمد، 3 گرفتار
کراچی:کراچی کے ناردرن بائی پاس پر اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) کی ٹیم اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 ملزمان زخمی ہو گئے۔
پولیس نے 2 زخمی ملزمان سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، فائرنگ کے دوران پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔
ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق اسی منشیات فروش گروہ سے ہے جو گزشتہ روز پولیس مقابلے میں گرفتار ہوئے تھے۔
ایس ایس پی شعیب میمن نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے تنزانیہ نامی منشیات برآمد ہوئی ہے جس کی مارکیٹ میں قیمت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، ملزمان کو گرفتاری کے بعد پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔
ایس ایس پی شعیب میمن کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کی کامیاب کارروائی سے منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی جنگ میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔