طلاق یافتہ کہلائے جانے کے خوف سے 16 سال ناپسندیدہ شادی میں گزار دیئے؛ نازلی نصر
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
ڈراما دھواں سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نازلی نصر نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی نجی زندگی کی مشکلات بالخصوص پہلی شادی اور 16 سال بعد طلاق سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
سینیئر اداکارہ نازلی نصر نے بتایا کہ ان کی زندگی میں چند ہی لوگ اہم ہیں جن میں ان کے بچے اور موجودہ شوہر شامل ہیں لیکن ایک وقت ایسا بھی آیا جب وہ اپنی زندگی کے حوالے سے شدید الجھن کا شکار تھیں۔
نازلی نصر نے مزید بتایا کہ انھوں نے پہلی شادی کے بعد شوہر کی خواہش پر شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ وہ رشتہ مرضی کے خلاف تھا جس کو نبھانے کی 16 سال تک کوشش کی۔
انھوں نے مزید کہا کہ شادی کے فوراً بعد ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ یہ رشتہ کامیاب نہیں ہوگا لیکن یہی سوچتی رہیں کہ اب کیا کیا جائے یا کیسے آگے بڑھا جائے۔ اسی کشمکش میں زندگی کا ایک قیمتی دور گزر گیا۔
اداکارہ نے کہا کہ اب وہ اپنی بیٹی اور دیگر لڑکیوں کو یہی مشورہ دیتی ہیں کہ اگر آپ اپنے شریکِ حیات کے ساتھ خوش نہیں ہیں تو آگے بڑھنے کا فیصلہ کریں کیونکہ کسی ناپسندیدہ رشتے میں رہ کر صرف وقت ضائع ہوتا ہے۔
نازلی نصر نے کہا کہ شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے طلاق اور دوسری شادی کو تسلیم کرنا آسان نہیں ہوتا، کیونکہ لوگ باتیں بناتے ہیں اور یہ بچوں کے لیے بھی تکلیف دہ ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ نازلی نصر کی پہلی شادی سابق اداکار اور ریڈیو میزبان حسن سومرو سے ہوئی تھی جن سے ان کے دو بچے بھی ہیں، جو اب امریکا میں مقیم ہیں۔ اداکارہ نے دوسری شادی 2013 میں کی۔
TagsShowbiz News Urdu.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کب ریلیز ہو گی؟
فرحت اشتیاق کے مقبول ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر مبنی پاکستان کی پہلی نیٹفلکس اوریجنل سیریز کی ریلیز سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔
’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پہلی بار 2009 میں خواتین ڈائجسٹ میں قسط وار شائع ہوا تھا، جس کے بعد 2013 میں اسے کتابی صورت میں بھی شائع کیا گیا۔ تازہ رپورٹس کے مطابق اس پر مبنی نئی سیریز کو 2026 کے اختتام تک نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا۔
اگرچہ اس سے قبل کئی کامیاب پاکستانی ڈرامے ٹی وی پر نشر ہونے کے بعد نیٹ فلکس پر دستیاب کیے جا چکے ہیں، تاہم ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز ہو گی، جسے ہم ٹی وی اور نیٹ فلکس کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔
سیریز کی کاسٹ میں ماہرہ خان، فواد خان، بلال اشرف، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، اقرا عزیز، صنم سعید، احد رضا میر، نادیہ خان اور دیگر معروف فنکار شامل ہیں، جبکہ اس کی ہدایت کاری اور پروڈکشن مومنہ درید نے کی ہے۔
یہ سیریز ابتدائی طور پر 2025 میں ریلیز ہونا تھی، تاہم مقررہ وقت پر اس کی نمائش نہ ہو سکی۔ اس کے بعد طویل عرصے تک نہ کاسٹ اور نہ ہی پروڈیوسرز کی جانب سے کوئی باضابطہ اپ ڈیٹ سامنے آئی، جس کے باعث یہ قیاس آرائیاں بھی ہونے لگیں کہ شاید منصوبہ ملتوی یا منسوخ کر دیا گیا ہے۔
اب تازہ اطلاعات کے مطابق مومنہ درید اس وقت سیریز کی فائنل ایڈیٹنگ کی نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں کاسٹ اس کی تشہیری مہم کا آغاز بھی کرے گی۔
دوسری جانب، کئی سال کی تاخیر کے باعث پاکستانی ناظرین اب بھی ریلیز کی خبروں پر مکمل یقین کرنے کو تیار نہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک مداح نے لکھا، ’’جب تک اقساط ریلیز نہیں ہوتیں، میں یقین نہیں کروں گا۔‘‘ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا، ’’مجھے اب بھی اس خبر پر اعتماد نہیں۔‘‘