غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 41 فلسطینی شہید، بچوں کے لیے دودھ کی شدید قلت
اشاعت کی تاریخ: 1st, August 2025 GMT
غزہ: اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی صہیونی فورسز کے حملوں میں کم از کم 41 فلسطینی شہید ہو گئے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق، مقامی اسپتالوں کے ذرائع نے تصدیق کی کہ صبح سے اب تک 41 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
الاقصیٰ شہداء اسپتال نے بتایا کہ نیٹزاریم کوریڈور کے قریب امداد کے منتظر شہریوں پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر دی، جس میں 19 فلسطینی شہید ہو گئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 60,249 فلسطینی شہید اور 4,789 زخمی ہو چکے ہیں۔
ادھر غزہ میں انسانی بحران سنگین تر ہو چکا ہے۔ بچوں کے لیے فارمولا دودھ کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر خالد دقران کا کہنا ہے کہ کئی مائیں خود غذائیت کی کمی کا شکار ہیں اور اپنے بچوں کو دودھ پلانے کے قابل نہیں۔
31 سالہ ماں آزہر عماد نے بتایا کہ وہ اپنے 4 ماہ کے بچے کو دودھ کی بجائے تل اور پانی کا مکسچر دینے پر مجبور ہیں، جو بچے کے لیے نقصان دہ ہے۔ ان کا کہنا تھا، "کبھی میں اسے پانی دیتی ہوں، کبھی جڑی بوٹیوں کا سفوف بناتی ہوں، کیونکہ کچھ بھی میسر نہیں ہوتا۔"
غزہ میں ہزاروں بچے بھوک اور دوا کی کمی سے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فلسطینی شہید
پڑھیں:
حساس صیہونی اہداف پر یمن کا ڈرون حملہ
غاصب اسرائیلی رژیم کے سرکاری میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے اہم ٹھکانوں پر ہونیوالے ایک نئے یمنی ڈرون حملے کی نشاندہی کی گئی ہے اسلام ٹائمز۔ قابض اسرائیلی رژیم کے سرکاری میڈیا نے اہم صیہونی اہداف کے خلاف ہونے والے تازہ یمنی ڈرون حملے کی اطلاع دی ہے۔ اس حوالے سے آج شام جاری ہونے والے اپنے بیان میں قابض اسرائیلی فوج نے بھی نئے یمنی ڈرون حملے کی تصدیق کی ہے۔ صیہونی میڈیا کے مطابق، غاصب اسرائیلی فوج کا دعوی ہے کہ حملہ آور ڈرون طیارے کو روک لیا گیا تھا۔ ادھر یمنی فوج نے بھی اس رپورٹ کی اشاعت تک اسرائیلی دعوے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی اس کارروائی کی تفصیلات کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023ء میں غزہ کی پٹی کے خلاف شروع ہونے والی انسانیت سوز صیہونی جنگ کے آغاز کے ساتھ ہی یمن نے مظلوم فلسطینی عوام کی عملی حمایت کا اعلان کیا جس کے بعد سے لے کر اب تک یمن کی جانب سے نہ صرف مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر واقع حساس صیہونی عسکری مراکز کے خلاف سینکڑوں کامیاب ڈرون و میزائل حملے انجام پا چکے ہیں بلکہ اس نے غاصب صیہونی رژیم کی سمندری و فضائی حدود کا محاصرہ جاری رکھتے ہوئے، اہم اسرائیلی ایئرپورٹ بن گورین اور بندرگاہوں ایلات و حیفا کو بند کروا دہنے کے ساتھ ساتھ قابض اسرائیلی رژیم کے ساتھ منسلک سینکڑوں بحری جہازوں کو بھی کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔