پاکستان اور کرغزستان کا کرپٹو و بلاک چین میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
پاکستان اور کرغزستان نے کرپٹو اور بلاک چین میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب اور فرخت امینوو ڈائریکٹرنیشنل انویسٹمنٹ ایجنسی کے درمیان اعلیٰ سطحی ویڈیو کانفرنس منعقد ہوئی۔
ویڈیو کانفرنس میں کرپٹو، بلاک چین اور ڈیجیٹل فنانس پر تفصیلی گفتگو کی گئی جس میں کرغزستان نیشنل انویسٹمنٹ ایجنسی نے معلومات، تجربات اور بہترین طریقوں کے تبادلے پر زور دیا۔
بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ کرغزستان ڈیجیٹل اثاثوں میں جدت اور ریگولیٹری اسٹرکچر میں تعاون کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ورچوئل اثاثوں کی ترقی کے لیے اسٹریٹجک نقطہ نظر میں ہم آہنگ ہیں۔ جس کیلئے کرپٹو شعبے میں باقاعدہ شراکت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان اور کرغزستان محفوظ، شفاف اور جدید ڈیجیٹل معیشت کے لیے دو طرفہ تعاون جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں اور اس کیلئے وسطی و جنوبی ایشیا میں بلاک چین اور ڈیجیٹل فنانس کا فروغ جاری رہے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایاز صادق کی برطانوی، ایرانی منصب سے ملاقات، مضبوط تعلقات پر اتفاق
جنیوا؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگا) جنیوا میں چھٹی سپیکرز کانفرنس کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور برطانوی ہائوس آف کامنز کے سپیکر سر لنزے ہوئل کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ پارلیمانی تعاون، جمہوری اقدار کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ، تاریخی اور خوشگوار تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ملکوں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی۔ دونوں میں دو طرفہ پارلمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی سپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایران کے جوہری پروگرام کا مذاکرات کے ذریعے پُرامن حل چاہتا ہے۔ پاکستان کی پارلیمان نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف متفقہ قراردادیں منظور کیں۔