خیبرپختونخواہ کے وسائل نہ کسی نے مانگے، نہ کسی کو دئیے اور نہ کسی کو دیے جائیں گے
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست 2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرصدارت جرگہ نے سفارشات کی ہیں کہ خیبرپختونخواہ کے وسائل نہ کسی نے مانگے، نہ کسی کو دئیے اور نہ کسی کو دیے جائیں گے، دہشتگردی اور دہشتگردوں کیخلاف سب ایک ہیں، آپریشن اور مقامی آبادی کی نقل مکانی کسی صورت قبول نہیں،افغانستان سے مذاکرات کیلئے جرگہ بھیجنے کا بندوبست کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس کے بعد امن وامان سے متعلق علاقائی جرگوں کے انعقا د کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اِس سلسلہ کا پہلا علاقائی مشاورت جرگہ آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ جرگہ میں ضلع خیبر اور اورکزئی کے علاوہ ٹرائبل سب ڈویژنز درہ آدم خیل اور حسن خیل کے قبائلی مشران اور منتخب عوامی نمائندے شریک ہوئے۔(جاری ہے)
جرگے میں مذکورہ علاقوں کے 150 قبائلی عمائدین و مشران، 6 ممبران صوبائی اسمبلی، 3 ممبران قومی اسمبلی اور 1 سینیٹر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس کے علاوہ متعلقہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز بھی جرگے میں موجود تھے۔ آج کے جرگے کی سفارشات کے مطابق امن کی بحالی کے لئے دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف سب ایک ہیں۔ آپریشن اور مقامی آبادی کی نقل مکانی کسی بھی صورت قبول نہیں۔ ترقی امن سے منسلک ہے اور امن بحال ہونے کے ساتھ ترقی کا عمل تیز کیا جائیگا۔ معدنیات سمیت صوبے کے کسی بھی قسم کے وسائل نہ کسی نے مانگے ہے نہ کسی کو دئیے ہے اور نہ کسی کو دیے جائیں گے۔ قبائلی مشران نے وفاقی حکومت سے سفارش کی ہے کہ افغانستان سے مذاکرات کے لئے صوبائی حکومت اور قبائلی مشران کا جرگہ بھیجنے کا بندوبست کیا جائے۔ اِس حوالے سے جرگے کو تمام تر تعاون اور وسائل فراہم کیے جائیں۔ اگلا علاقائی جرگہ ضلع مہمند اور باجوڑ کا منعقد ہوگا جس کے بعد تیسرا علاقائی جرگہ شمالی اور جنوبی وزیرستان (لوئر اور اپر) کا منعقد ہوگا۔ آخری علاقائی جرگہ ضلع کُرم کا ہوگا۔ علاقائی جرگوں کے فوری بعد وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں ایک گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا جائیگا۔ گرینڈ جرگے کے انعقاد سے پہلے قبائلی علاقوں سے بااثر افراد مقرر کئے جائیں گے جو گرینڈ جرگے میں اپنے اپنے اقوام کی نمائندگی کرتے ہوئے امن وامان کی بحالی کے سلسلے میں لائحہ عمل تیار کرنے کے لئے تجاویز پیش کریں گے۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے نہ کسی کو جائیں گے
پڑھیں:
بدلتے علاقائی وعالمی حالات کے باوجود پاک چین دوستی ناقابل شکست رہی: آرمی چیف
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک-چین کی دوستی وقت کی آزمائشوں پر پورا اترنے والے، منفرد اور مضبوط دوست ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 98ویں یوم تاسیس پر جی ایچ کیو میں تقریب ہوئی. جس میں چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں چین کے ملٹری اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی کو یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کی. پی ایل اے کے قومی دفاع، سیکیورٹی اور ترقی کے وژن کو سراہا اور پاک چین دوستی کو وقت کی ہر آزمائش میں پورا اُترنے والا، منفرد اور ناقابلِ شکست رشتہ قرار دیا۔آرمی چیف نے کہا کہ دونوں ممالک کا اسٹریٹجک تعاون، باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ عزم پر مبنی ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ بدلتے علاقائی وعالمی حالات کے باوجود پاک چین دوستی ناقابل شکست رہی ہے .پاکستان آرمی اور پی ایل اے حقیقی معنوں میں بھائیوں کی طرح ہیں، پاک چین عسکری شراکت داری علاقائی استحکام کےفروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔
دوسری جانب چین کے سفیر نے تقریب کے انعقاد پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے کردار کو سراہا، اُن کا کہنا تھا چین پاکستان کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔تقریب کا اختتام دونوں ممالک کی دوستی کے عزم کی تجدید کے ساتھ ہوا، جو ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔