کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق، والد زخمی، حادثےکے بعد مشتعل شہریوں نے 7 ڈمپر جلادیے
اشاعت کی تاریخ: 10th, August 2025 GMT
کراچی میں ڈمپر چلتی پھرتی موت بن گئے، شہر قائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا لکی ون شاپنگ مال کے قریب ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والے دونوں بہن بھائی ہسپتال منتقل کئے گئے مگر وہ جانبر نہ ہوسکے، جبکہ ڈمپر کی ٹکر سے والد زخمی ہوا۔جاں بحق ہونے والی بہن اور بھائی کی شناخت 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ احمد رضا جبکہ زخمی والد کی شناخت شاکر کے نام سے ہوئی ہے۔حادثے کے بعد شہری مشتعل ہوگئے اور 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی، شہریوں نے موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور پر تشدد کے بعد اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور صورتِ حال پر قابو پانے کی کوشش کی، فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں بھی طلب کی گئیں، فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام نے ڈمپرز میں لگی آگ کو بجھایا، پولیس نے ڈمپر جلانے کے الزام میں متعدد افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔دوسری جانب آگ لگانے کے خلاف ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن نے احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی وئے سہراب گوٹھ سے سڑک ٹریفک کیلئے بند کر دی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے، ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن نے نیشنل ہائی وے بھی بلاک کرنے کا اعلان کر دیا۔صدر ڈمپر ایسوسی ایشن حاجی لیاقت محسود نےدعویٰ کیا کہ حادثہ ٹینکر کی ٹکر سے ہوا اور مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی، 7 ڈمپرز جلانے کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈمپر حادثے میں بہن بھائی کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے پر مشتعل شہری قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔ان کا کہنا تھا کہ کہ سندھ حکومت حادثہ کے ذمہ دار ڈرائیور کو قرار واقعی سزا دلوائے اور شہریوں کی جان سے کھیلنے والی ڈمپر مافیا کو لگام دے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کراچی: مخلتف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 5 ملزمان گرفتار، اسلحہ و مالِ مسروقہ برآمد
کراچی:مختلف علاقوں میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مبینہ مقابلوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔
میمن گوٹھ میں پولیس نے موٹر سائیکل سوار مشکوک افراد کو روکنے کا اشارہ کیا، جس پر مسلح ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ زخمی ملزم کی شناخت لالدین کے نام سے ہوئی، پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور نقد رقم بھی برآمد کی۔
اسی طرح بھینس کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت حسیب اور نوید کے نام سے ہوئی۔
جیکسن پولیس کے مطابق ایک اور مقابلے میں ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان کے قبضے سے دو پستول، دو مسروقہ موٹر سائیکلیں اور موبائل فون برآمد ہوئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد قاسم اور بادشاہ کے نام سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مختلف وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔