اسلام آباد میں مسجدوں کو گرانا انتہائی افسوسناک امر ہے
اشاعت کی تاریخ: 11th, August 2025 GMT
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2025ء ) شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مسجدوں کو گرانے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مبینہ طور پر مساجد گرانے کے الزامات پر سابق وزیر شیخ رشید احمد کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ "اسلام آباد میں مسجدوں کو گرانا انتہائی افسوسناک امر ہے، اس کی جتنی مزمت کی جائے کم ہے۔
اللہ کے گھر کو آباد کرنے کی بجائے اسے تباہ و برباد کرنا کسی مسلمان کا شیوہ نہیں ہو سکتا۔" دوسری جانب اسلام آباد میں گرین بیلٹ پر تعمیر 50 مساجد ہٹانے کے فیصلے پر علماء کی جانب سے شدید ردعمل آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں گرائی گئی مسجد کی جگہ پر نماز ادا کی گئی اور ساتھ ہی وہاں پر انتظامیہ کی طرف سے لگائے گئے پودے بھی ہٹادیئے گئے جس کے بعد مقامی علماء نے اسلام آباد میں انتظامیہ کی جانب سے گرائی جانے والی جامع مسجد مدنی کی دوبارہ بنیاد بھی رکھ دی۔(جاری ہے)
اس حوالے سے علماء کرام نے اعلان کیا ہے کہ اسی مقام پر دوبارہ مسجد تعمیر کی جائے گی، چیئرمین مرکزی علماء کونسل و نائب صدر ملی یکجتہی کونسل پاکستان اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد مدنی مسجد شہید کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اسلام آباد کے علمائے کرام کی طرف سے شہید مسجد کا دوبارہ سنگ بنیاد رکھنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں انتظامیہ کی جانب سے مدنی مسجد اور مدرسۃ المسلم کی عمارتیں شہید کروائے جانے کے بعد اسلام آباد میں علماء کا اجلاس ہوا، جس میں شریک تمام علماء کرام نے مسجد کی شہادت کے واقعے کیخلاف سخت رد عمل دینے کا فیصلہ کیا اجلاس میں علماء کرام کی جانب سے مسجد کی از سرنو تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، بعد ازاں نماز مغرب بھی جے یو آئی اسلام آباد کے امیر مفتی اویس عزیز کی اقتداء میں شہید مسجد کی باقیات پر پڑھی گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد میں مسجد شہید کرنے کے معاملے پر وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وفد کے ہمراہ جنرل سیکرٹری جے یو آئی ف مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کی، ملاقات میں آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی ، چیئرمین سی ڈی اے اور ڈی سی اسلام آباد بھی شریک ہوئے، مولانا عبدالغفور حیدری نے معاملے پرشدید تشویش کا اظہار کیا، ملاقات میں مسجد گرائے جانے سے متعلق حکومتی وفد نے اپنے مؤقف سے رہنماء جے یو آئی ف کو آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا عبدالغفور حیدری اور حکومتی وفد کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور بنا کسی نتیجے کے ختم ہوا، حکومت اور جے یو آئی ف کے درمیان مسجد شہید کرنے کے معاملہ پر مذاکرات کو دوسرہ دور آج دن کو ہوگا، اسلام آباد کے علماء کرام سے حکومتی وفد آج ایک بار پھر ملاقات کرے گا، جے یو آئی ف نے آج دوپہر دو بجے راول ڈیم چوک پر احتجاج کی کال دی ہوئی ہے، حکومتی وفد جے یو آئی ف کو آج ہونے والے احتجاج کو مؤخر کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرے گا۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے اسلام آباد میں کا کہنا ہے کہ علماء کرام جے یو آئی ف حکومتی وفد کی جانب سے مسجد کی
پڑھیں:
اسلام آباد مری روڈ پر قائم مسجد و مدرسہ نئی جگہ پر منتقل، بغیر نوٹس عمارت گرانے کی خبریں خلاف حقائق
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے حکام نے 9 اور 10 اگست کی رات مری روڈ پر واقع سبز پٹی (گرین بیلٹ) میں قائم مسجدِ مدنی اور اس سے منسلک مدرسہ کو مسمار کیا۔ تاہم یہ اقدام وزارتِ داخلہ کے پہلے سے کیے گئے فیصلے اور مکمل مشاورت کے تحت عمل میں آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جنوری 2025 میں وزارتِ داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ مسجد اور مدرسہ کو موجودہ مقام سے ہٹا کر مارگلہ ٹاؤن میں منتقل کیا جائے۔
اس ہدایت پر سی ڈی اے نے مارگلہ ٹاؤن میں نئی مسجد و مدرسہ تعمیر کیا، جس میں ہال اور وضوخانہ سمیت دیگر سہولیات شامل ہیں۔ اس منصوبے کی لاگت قریباً 3 کروڑ 70 لاکھ روپے رہی اور اس میں مسجد انتظامیہ کو مکمل اعتماد میں لیا گیا۔ تعمیر مکمل ہونے کے بعد مسجدِ مدنی کے عملے اور طلبا کو وہاں منتقل کیا گیا اور اس کے بعد پرانی مسجد کی مسماری کی گئی۔
وزیرِ مملکت داخلہ طلال چودری نے واضح کیا ہے کہ مدرسہ انتظامیہ کی رضامندی سے مدرسے کو نئے، جدید اور معیاری سہولیات سے مزین مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مدارس و مساجد کے حوالے سے بے بنیاد افواہیں نہ پھیلائیں۔
انہوں نے کہاکہ گرین بیلٹ یا غیر مجاز مقامات پر قائم مساجد و مدارس کی منتقلی فقط علما اور انتظامیہ کی مشاورت سے کی جائے گی اور امن و امان خراب کرنے کی کسی کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جون 2025 میں وزارتِ داخلہ کے اجلاس میں گرین بیلٹ پر قائم تمام تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہدایات دی گئی تھیں اور اس عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں غیر قانونی مساجد و مدارس کو متبادل جگہیں فراہم کرکے جدید عمارات تعمیر کی جارہی ہیں تاکہ تعلیمی اور عبادتی سرگرمیاں بہتر انداز میں جاری رہ سکیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews اسلام اباد گرین بیلٹ مری روڈ مسجد انتظامیہ مسجد و مدرسہ منتقلی وزارت داخلہ وی نیوز