دریائے چناب اور ستلج میں سیلاب کا خطرہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث دریائے چناب اور ستلج میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے لگی۔
پی ڈی ایم اے نے دریائے چناب کے مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان ڈویژنز کے کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ نارووال، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاوالدین، حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، چنیوٹ، خانیوال، کوٹ ادو، مظفرگڑھ اور ملتان سمیت 15 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فوری اقدامات کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام متعلقہ محکموں بشمول لوکل گورنمنٹ، زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کیے جائیں۔
ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں، جبکہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں 24 گھنٹے اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریا، ندی، نالوں اور تالابوں میں نہانے سے گریز کریں، اور خطرے کی صورت میں فوری انخلاء کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 44,587 کیوسک سے بڑھ کر 50,508 کیوسک ہو چکا ہے۔
اس وقت گنڈا سنگھ والا پر نیچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم آئندہ چند گھنٹوں میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے عوام الناس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، محفوظ مقامات پر منتقل ہوں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پی ڈی ایم اے
پڑھیں:
کراچی ایئرپورٹ سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر چینی شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے نئی ہدایات جاری
نئے احکامات کے تحت سیکیورٹی اہلکار امیگریشن کلیئرنس کے فوری بعد شہریوں کو سیکیورٹی فراہم کرینگے۔ اسلام ٹائمز۔ کراچی ایئرپورٹ سمیت ملکی ہوائی اڈوں پر چینی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کیلئے ایف آئی اے کو نئی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز نے کراچی سمیت ملکی ہوائی اڈوں پر سکیورٹی پر مامور اداروں کو چینی شہریوں کے تحفظ کیلئے نئی ہدایات جاری کر دیں۔ جاری مراسلے میں ایس پی یو سمیت دیگر متعلقہ سیکیورٹی اہلکاروں کو ایف آئی اے کاؤنٹرز کے قریب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، نئے احکامات کے تحت سیکیورٹی اہلکار امیگریشن کلیئرنس کے فوری بعد شہریوں کو سیکیورٹی فراہم کرینگے۔ اس سے قبل متعلقہ سیکیورٹی اہلکار چینی شہریوں کو ایئرپورٹ ٹرمینل کے گیٹ سے سیکیورٹی فراہم کرتے تھے، ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کی جاری ہدایات کا اطلاق ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر ہوگا۔