بھارتی ڈیم سے پانی کے اخراج اور بارشوں کے باعث الرٹ جاری
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
فائل فوٹو
بھارتی ڈیم سے پانی کے اخراج اور بارشوں کے سبب دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادر آباد بیراج پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ چناب اور ملحقہ ندی نالوں میں آئندہ 12 گھنٹوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
دریاؤں میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے کمشنر گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان ڈویژن کو الرٹ جاری کردیا۔
دوسری جانب دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
ملک بھر میں سیلابی خطرہ ختم، حالات بہتر ہو رہے ہیں، وفاقی وزیر معین وٹو
اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے آبی وسائل معین وٹو نے کہا ہے کہ ملک بھر میں سیلابی خطرہ ختم اور حالات بہتر ہو رہے ہیں۔
ایک بیان میں معین وٹو نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں بحالی کے کاموں پر مشترکہ اقدامات کر رہی ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی اولین ترجیح ہے، زرعی اراضی اور فصلوں کے نقصانات کی تلافی کے اقدامات جاری ہیں۔
وفاقی وزیر معین وٹو نے کہا کہ بحالی کے عمل میں شفافیت اور تیز رفتاری یقینی بنائی جائے گی، مقامی انتظامیہ اور حکومت ملکر متاثرہ علاقوں میں سہولیات بحال کریں گی، مستقبل میں نقصانات کم کرنے کے لیے مؤثر فلڈ مینجمنٹ سسٹم پر کام جاری ہے۔
دوسری جانب واپڈا نے دریاؤں اور آبی ذخیروں میں پانی کی آمد و اخراج کے اعداد و شمار جاری کردیے۔ بدھ کو جاری اعداد وشمار کے مطابق تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 92 ہزار 100 کیوسک اور اخراج 91 ہزار 700 کیوسک ہے، منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 17 ہزار 100 کیوسک اور اخراج 9 ہزار کیوسک ہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق چشمہ بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 38 ہزار 300 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 32 ہزار 200 کیوسک ہے، ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 37 ہزار 200 کیوسک اور اخراج 24 ہزار 800 کیوسک ہے۔ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 15 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 15 ہزار 700 کیوسک ہے۔
تربیلا ریزوائر میں آج پانی کی سطح 1550.00 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 57 لاکھ 28 ہزار ایکڑ فٹ ہے، منگلا ریزوائر میں آج پانی کی سطح 1240.15 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 71 لاکھ 26 ہزار ایکڑ فٹ ہے، چشمہ ریزوائر میں آج پانی کی سطح 649.00 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 3 لاکھ 11 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزروائر میں قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ ایک کروڑ 31 لاکھ 65 ہزار ایکڑ فٹ ہے، تربیلا، اور چشمہ کے مقامات پر دریائے سندھ، نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل اور منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد و اخراج 24 گھنٹے کے اوسط بہاؤ کی صورت میں ہے جبکہ ہیڈ مرالہ سمیت دیگر مقامات پر پانی کی آمد و اخراج کی تفصیل آج صبح 6 بجے کی ہے۔