باجوڑ ؛ کرفیو میں نرمی کے بعد بازار کھل گئے، شہری مسلح گشت اور خود پہرہ دینے لگے
اشاعت کی تاریخ: 13th, August 2025 GMT
لوئر دیر:
باجوڑ میں کرفیو می نرمی کردی گئی جب کہ شہری مسلح گشت کرتے ہوئے خود اپنے علاقوں میں پہرہ دینے لگے۔
ضلعی انتظامیہ نے کرفیو میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے آج سے خار منڈا روڈ، خار ناواگی روڈ، خار صادق آباد، عنایت کلی روڈ کو کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ ان سڑکوں کے ساتھ ساتھ متصل علاقوں کے تمام بازار بھی مکمل طور پر کھلے رہیں گے۔
مقامی ذرائع کے مطابق باجوڑ میں رات کے اوقات میں شہری اپنے علاقوں کی حفاظت کے لیے پہرہ دیتے اور مسلح گشت کرتے نظر آ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو روکنا اور اپنے علاقوں کو محفوظ بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں باجوڑ کے حالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور عمائدین و نوجوان جرگوں میں متفق ہوئے ہیں کہ اپنے علاقوں میں دہشت گردوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور امن و امان کی صورتحال کو ہر حال میں قائم رکھا جائے گا۔
مختلف علاقوں میں شہریوں نے اپنے جان و مال کے تحفظ کے لیے مسلح نوجوانوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں، جو دن رات نگرانی اور گشت کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اپنے علاقوں
پڑھیں:
باجوڑ، خوارج کے چھوڑے گئے بارودی مواد کے دھماکے میں 3 معصوم بچے جاں بحق، متعدد زخمی
BAJAUR:خیبرپختونخوا میں باجوڑ کے علاقے لغڑئی میں خوارج کے چھوڑے گئے بارودی مواد کے دھماکے سے 3 معصوم بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے لغڑئی میں خوارج کے چھوڑے گئے باردوی مواد کو بچوں نے اٹھایا اور اس کے ساتھ کھیلنے لگے اور اسی دوران بارودی مواد پھٹ گیا اور تین بچے موقع پر دم توڑ گئے۔
پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے باجوڑ میں خوارج کے چھوڑے گئے اسلحے سے زخمی ہونے والے بچوں کو طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں چند ہفتے پہلے اسی علاقے میں خوارج کی بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔
مزید برآں، پولیس اور متعلقہ اداروں نے جائے وقوع کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور بتایا گیا کہ یہ سانحہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فتنہ الخوارج کی کارروائیوں نے علاقے میں کس طرح خطرناک بارودی جال بچھا رکھا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے بتایا کہ مقامی آبادی کے تعاون سے ماضی کی طرح پاک فوج ان علاقوں کو بارودی مواد سے صاف کرنے کے لیے دوبارہ تیار ہے اور علاقے کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ سیکیورٹی فورسز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ باجوڑ کو ان خطرات سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔