لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکات، تشدد اور اغواہ کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار، واردات کی ویڈیو وائرل
اشاعت کی تاریخ: 14th, August 2025 GMT
لاہور میں لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکات، تشدد اور اغوا کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا جب کہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ چوہنگ کے علاقے میں پیش آیا جہاں لڑکی پر تشدد اور اغواء کی کوشش کی گئی۔
متاثرہ لڑکی آمنہ کی والدہ فرزانہ کی درخواست پر چوہنگ پولیس نے فوری مقدمہ درج کیا، ایف آئی آر کے مطابق آمنہ گھر سے سودا سلف لینے کے لیے موٹر سائیکل پر نکلی تو ایک نامعلوم شخص نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور اغوا کرنے کی کوشش کی۔
ملزم نے مکے، تھپڑ مارنے کے ساتھ بالوں سے پکڑ کر سڑک پر گھسیٹا۔ واقعہ کی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر ڈویژن رانا حسین طاہر کو ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
ایس ایچ او چوہنگ انسپکٹر محمد رضا کی سربراہی میں دی گئی خصوصی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ،ایس ایچ او چوہنگ انسپکٹر محمد رضا کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شاہ زیب کے نام سے ہوئی ہے۔جس کو حوالات میں بند کر دیا گیا۔
ایس پی صدر ڈویژن رانا حسین طاہر کے مطابق ملزم کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائےگی۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری پر ایس پی صدر ڈویژن رانا حسین طاہر اور ایس ایچ او چوہنگ انسپکٹر محمد رضا کو تعریفی اسناد انعام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پر تشدد ،حراساں اور نازیبا حرکات کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پی اے سی کی تمام ڈسکوز کے ملازمین کی تصدیق کی سفارش
فوٹو: فائلپبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے تمام ڈسکوز کے ملازمین کی تصدیق کی سفارش کردی اور ہدایت کی ہے کہ تمام ڈسکوز ملازمین کو تنخواہوں کی ڈیجیٹل ادائیگی یقینی بنائیں۔
پی اے سی اجلاس کے دوران سیکریٹری پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی بنانے اور تقسیم کے کاروبار سے نکل رہی ہے۔ تین ڈسکوز کی نجکاری کیلئے معاملات حتمی مراحل میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حیسکو اور سیپکو کی نجکاری کیلئے فنانشل ایڈوائزر مقرر کر رہے ہیں۔ حکومت صرف ٹیسکو اور کیسکو کو اپنے پاس رکھے گی۔ کابینہ کا فیصلہ ہے کہ ٹیسکو اور کیسکو کی نجکاری نہیں کی جائے گی۔
سیکریٹری پاور ڈویژن نے بتایا کہ 2027 کے آغاز میں تین ڈسکوز کی نجکاری مکمل ہوجائے گی۔ گیپکو، فیسکو اور آئیسکو کی نجکاری 2027 کے آغاز میں ہوجائے گی، تمام ڈسکوز کی نجکاری تیزی سے ہوگی۔