Express News:
2026-07-24@15:16:32 GMT

چین کو دریافت کرلیاگیا

اشاعت کی تاریخ: 15th, August 2025 GMT

اس دنیا میں اکثر یہ ہوتا ہے بلکہ ہورہا ہے کہ آدمی آگ لینے جاتا ہے اوراسے مل جاتی ہے پیغمبری۔عمرخیام ایک ہئیت دان تھا، فلکیات میں اس نے بہت کچھ کیا تھا لیکن نام اورشہرت دوام ’’شاعری‘‘ میں حاصل ہوئی ۔لیونارڈ ڈاوئچی ایک انجینئر اورمعمارتھا مگر شہرت ملی تو ’’مونالیزا‘‘ کی تصویر سے ۔بالمیکی ڈاکو تھا لیکن مشہور ہوا رامائن سے۔ حسن بن منصورایک دھنکیا تھا لیکن وجہ شہرت تختہ دار ہوا۔

سقراط ایک سپاہی تھا لیکن نام ملا فلسفے میں ۔ کولمبس ہندوستان ڈھونڈنے نکلا تھا اورمل گیا امریکا۔ یہی معاملہ ہماری ’’کرینہ سیف‘‘ کے ساتھ ہوا، وہ تھی تو اداکارہ، فنکارہ ،کلاکارہ ، آئیٹم گرل اورپٹودی خاندان کی معاونہ خصوصی برائے اطلاعات بن گئی ، کولمبسہ یاکولمبسی، کہ اس نے’’چین‘‘ دریافت کرلیا۔ چین جس کا ذکر کہانیوں میں تو بہت تھا کہانیوں میں اسے کوہ قاف کے پار پرستان میں بتایا جاتا تھا اورسمجھتے تھے لیکن برسرزمین موجود نہیں تھا اوریہ سعادت انجینئرہ ، پروفیسرہ، بیرسٹرہ، ڈاکٹرہ ، کرینہ سیف کے نصیب میں تھی،اسے اب بجاطور پر کولمبسہ ثانیہ بھی کہا جاتا ہے یوں اس کی ڈگریاں نام اور عہدے تین سطروں سے بھی تجاوز کرگئے ۔

یہ چین دریافت کرنے کا واقعہ چونکہ بہت ہی بڑا تاریخی کارنامہ ہے ،اس لیے اس کاذکر تفصیل سے ہوجائے تو اچھا ہے، معاونہ اطلاعات کے طور پر جب اس نے ہرہرسمت جھنڈے گاڑ لیے اوربیانات کی تخلیق وتصنیف میں عالمی نمبرون ہوگئی، چورحکومت کو اس نے اپنے بیانات کی توپوں سے اڑا دیا اوراپنے پٹودی خاندان کی ملکیت ریاست خیر پخیر عرف کے پی کے، کو پیراڈائز بنالیا تو اورکوئی باقی نہ رہا تو اس نے نامعلوم مقام’’چین‘‘ کو دریافت کرنے کابیڑا اٹھا لیا کیوں کہ اب تک چین کانام تو لوگوں نے سن رکھا تھا لیکن یہ کسی کو بھی معلوم نہیں تھا کہ چین کہاں ہے ؟کیسا ہے اور اسے چین کیوں کہتے ہیں ، بیانات کی روشنی میں یہ واقعہ یوں ظہور پذیر ہوا کہ کرینہ سیف کی قیادت میں بارہ رکنی ٹیم تشکیل دی گئی جو چین کو دریافت کر لے گی۔

 کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی ٹیم تیار ہوگئی ۔ کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی ٹیم نے چین جانے کی تیاری مکمل کرلی ۔ کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی ٹیم ایئرپورٹ کی طرف چل پڑی۔کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی وفد ائیر پورٹ پہنچ گیا۔ کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی وفد کو رخصت کرنے کے لیے پوری ریاست کی آبادی ائیر پورٹ پہنچ گئی ۔کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی وفد جہازکی طرف روانہ ہوگیا۔ کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی وفد جہاز میں بیٹھ گیا۔کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی وفد کا جہاز محوپرواز ہوگیا۔

کرینہ کی سربراہی میں بارہ رکنی ٹیم نے دوربین نکال کر چین کی تلاش شروع کردی ۔کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی وفد نے ’’چین ‘‘ کو دریافت کرلیا ۔ کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی وفدنے سرزمین چین پر پہلا قدم رکھا۔کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی وفد نے سرزمین چین پر پہلی سانس لی۔کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی وفد نے سرزمین چین کو دیکھا۔ کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی وفد نے ناچنا شروع کردیا اورکرینہ سیف نے ایک زبردست آئٹم سانگ گایا ۔

موہے آئی نہ جگ سے لاج

میں اتنا زورسے ناچی آج

کہ گنگرو ٹوٹ گئے

اہل چین نے اسی آئٹم سانگ کو اتنا پسند کیا کہ وہ بھی ساتھ ناچنے لگے، اس کے بعدکرینہ سیف نے اپنااطلاعاتی پائپ لائن آن کیا ، کرینہ سیف کے اس خصوصی اطلاعاتی پائپ لائن کاکمال یہ ہے کہ اس کا ایک دہانہ کرینہ سیف کے پاس رہتا ہے اوردوسرا سرا اخبارات کے دفاتر میں کھلتا ہے چنانچہ اطلاعات جو کرینہ سیف وہاں تخلیق یاتصنیف کرتی ہے وہ اس پائپ لائن میں شیشے کی گولیوں کی طرح چلتی ہوئی یا بہتی ہوئی اخبارات تک پہنچتی ہیں اورکرینہ سیف کی تمام ڈگریوں اورعہدہ جات کے ساتھ چھپتی رہتی ہیں۔

کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی ٹیم نے چین کو دریافت کیا توپائپ لائن سے اطلاع ٹپکی۔

چین کو دریافت کرلیا گیا (کرینہ سیف)اس کے بعد فوراً اطلاع ٹپکی… چین ایک ملک ہے جہاں چینی رہتے ہیں اس لیے اس کوچین کہاجاتا ہے (کرینہ سیف) پھراطلاع ٹپکی… چینی اس لیے چینی ہوتے ہیں کہ چین میں رہتے ہیں ( کرینہ سیف)اس کے بعد… چینی بہت میٹھے ہوتے ہیں اس لیے چینی کہلاتے ہیں ( کرینہ سیف) ۔چین کی مٹی اتنی میٹھی ہوتی ہے کہ ساری دنیا کو چینی کے نام سے برآمد کی جاتی ہے ( کرینہ سیف)

خلاصہ اس ساری اطلاعات کا یہ ہے کہ کرینہ سیف کی سربراہی میں بارہ رکنی وفد نے چین کو دریافت کرلیا ہے اور اس کارنامے کی وجہ سے اسے ’’کولمبسہ ثانیہ ‘‘ کاخطاب دیا گیا ہے اس طرح کرینہ سیف کی ڈگریاں ، عہدہ جات اورخطابات کی تعداد دو درجن ہوگئی ہے ۔

.

ذریعہ

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: تھا لیکن اس لیے

پڑھیں:

چینی سائنسدانوں کی اہم پیش رفت، نیند بڑھانے والا قدرتی مالیکیول دریافت

دنیا بھر میں لاکھوں افراد بے خوابی اور نیند کی مختلف خرابیوں کا شکار ہیں، تاہم چینی سائنسدانوں نے ایک ایسے قدرتی مالیکیول کی نشاندہی کی ہے جو دماغ میں نیند کی خواہش کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ دریافت مستقبل میں بے خوابی اور دیگر نیند کے مسائل کے لیے نئی، محفوظ اور مؤثر ادویات کی تیاری میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔

چینی اکیڈمی آف سائنسز اور دیگر تحقیقی اداروں کے سائنسدانوں کی یہ تحقیق معروف سائنسی جریدےنیچر نیورو سائنس (Nature Neuroscience) میں شائع ہوئی ہے۔ تحقیق کے مطابق ٹرپٹامین (Tryptamine یا TrpA) نامی قدرتی مالیکیول دماغ کو یہ اشارہ دیتا ہے کہ جسم کو آرام اور نیند کی ضرورت ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ مناسب نیند انسانی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اسی دوران دماغ یادداشت کو منظم کرتا، نئی معلومات محفوظ بناتا اور روزمرہ سرگرمیوں کے دوران جمع ہونے والے فاضل مادوں کو خارج کرتا ہے۔ اس کے باوجود دنیا بھر میں بے خوابی، ذہنی دباؤ، ڈپریشن، بے چینی اور جسمانی گھڑی (سرکیڈین ردھم) کی خرابی کے باعث لاکھوں افراد مناسب نیند سے محروم رہتے ہیں۔

تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے رات کو متحرک رہنے والے چوہوں اور دن میں سرگرم رہنے والے سوروں پر تجربات کیے۔ خصوصی فلوروسینٹ سینسر کی مدد سے جانوروں کے دماغی مائع میں ٹرپٹامین کی مقدار مختلف اوقات میں ریکارڈ کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جتنا زیادہ وقت جانور جاگتے رہے، ان کے دماغی مائع میں ٹرپٹامین کی مقدار بھی اتنی ہی بڑھتی گئی۔ اس سے ظاہر ہوا کہ یہ مالیکیول جسم میں بڑھنے والے سلیپ پریشر یعنی نیند کی قدرتی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید تحقیق سے پتا چلا کہ جاگنے کے دوران متحرک مخصوص اعصابی خلیے ٹرپٹامین خارج کرتے ہیں، جو بعد ازاں GPR139  نامی ریسیپٹر سے جڑ کر دماغ کے اس حصے کو متحرک کرتا ہے جو نیند کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

سائنسدانوں نے تجرباتی طور پر ایسے مرکبات بھی استعمال کیے جو GPR139 ریسیپٹر کو متحرک کرتے ہیں۔ نتائج کے مطابق ان مرکبات سے نہ صرف نیند کا دورانیہ بڑھا بلکہ اس کے معیار میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل کی تحقیقات میں یہی حیاتیاتی نظام انسانوں میں بھی ثابت ہو جاتا ہے تو بے خوابی اور دیگر نیند کی خرابیوں کے علاج کے لیے ایسی نئی ادویات تیار کی جا سکیں گی جو موجودہ ادویات کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، مؤثر اور کم مضر اثرات کی حامل ہوں گی۔

متعلقہ مضامین

  • کراچی: لی مارکیٹ کی بحالی کے دوران قدیم مجسمے دریافت
  • پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز: ویسٹ انڈیز نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا
  • چینی سائنسدانوں کی اہم پیش رفت، نیند بڑھانے والا قدرتی مالیکیول دریافت