خیبر پختونخوا میں ہیلی کاپٹر حادثہ، شہید افراد کی تفصیلات سامنے آگئیں
اشاعت کی تاریخ: 16th, August 2025 GMT
اسلام آباد:خیبرپختونخوا میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے 2 پائلٹ سمیت عملےکے 5 افراد کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
حادثے میں شہید کرنل ریٹائر شاہد سلطان کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا، وہ آرمی سے ریٹائر ہونےکے بعد انتہائی تجربہ کار پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور انہوں نے اُس وقت کےچیف آف آرمی اسٹاف سمیت متعدد وی آئی پی فلائٹس اڑائی تھیں۔
حادثے میں شہید ریٹائر ونگ کمانڈر آفتاب کا تعلق لاہور سے تھا، وہ ائیر فورس سے ریٹائر ہوئے تھے۔ شہید فلائٹ انجینئر سلیم تلہ گنگ سے تعلق رکھتے تھے اور وہ بھی ائیر فورس سے ریٹائر تھے۔
حادثے میں شہید ہونے والے کریو چیف مختار کا تعلق صوابی سے تھا جبکہ وہ پاک فوج سے ریٹائر ہوچکے تھے۔ اسی طرح شہید کریو چیف محمد جبار کا تعلق بھی تلہ گنگ سے تھا اور وہ آرمی سے ریٹائر تھے۔
ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 گزشتہ 5 ماہ کے دوران کرم میں امدادی کارروائیوں کے لیے درجنوں پروازیں کرچکا تھا، یہ ہیلی کاپٹر 2020 میں روس سے اوورہال کرایا گیا تھا جبکہ پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں کے بھی زیرِ استعمال رہا ہے۔
یاد رہےکہ گزشتہ روز باجوڑ کے لیے امدادی سامان لے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا تھا اور حادثے میں 2 پائلٹ سمیت عملے کے 5 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ،پائلٹ سمیت 5 افراد شہید
آج سوگ کا منانے کا اعلان، قومی پرچم سرنگوں رہے گا، یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
شہداء کی ڈیڈ باڈیز کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا کیا جائے گا، علی امین گنڈاپور کا بیان
باجوڑ کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے لئے امدادی سامان لے جانے والا صوبائی حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے کریش کر گیاجس کے نتیجے میں دو پائلٹ سمیت پانچ افراد شہید ہوگئے ۔ وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈا پور نے بتایاکہ صوبائی حکومت (آج) ہفتہ کو سوگ کا منانے کا اعلان کیا ہے، صوبے میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ علی امین گنڈاپور نے کہاکہ حادثے کی جگہ پر امدادی ٹیمیں بھیج دی گئیں ،شہداء کی ڈیڈ باڈیز کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں، ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کی جائیں بچانے کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں، ان کی قربانی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔