2025-26 کے لیے قومی کرکٹرز کے سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان کردیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 19th, August 2025 GMT
2025-26 کے لیے قومی کرکٹرز کے سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان کردیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے 30 کھلاڑیوں کو کانٹریکٹس دے دیے، پرفارمنس کی بنیاد پر کیٹیگری بی، سی اور ڈی میں 10،10 کھلاڑی رکھے گئے ہیں۔کانٹریکٹس یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک لاگو ہوں گے،گزشتہ سال 27 کھلاڑیوں کو کانٹریکٹ دیے گئے تھے۔جب کہ اس سال تعداد بڑھ کر 30 ہوگئی ہے، رواں برس 12 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ نئے کھلاڑیوں میں احمد دانیال، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور صوفیان مقیم کو نئے کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔9 کھلاڑی اپنی سابقہ کیٹیگری برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں جب کہ 8 کھلاڑی کانٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔رواں برس اے کیٹیگری میں کسی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا اسی لیے یہ کیٹیگری فی الحال ختم کردی گئی، گزشتہ برس اے کیٹیگری میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو شامل کیا گیا تھا۔اس سال نسیم شاہ بی سے سی کیٹیگری میں آگئے، بی کیٹیگری میں شامل ٹیسٹ کپتان شان مسعود بی سے ڈی کیٹیگری میں آگئے۔اس کے علاوہ اوپنر فخر زمان کی بی کیٹیگری میں واپسی ہوئی ہے۔بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ، فخر زمان، شاداب خان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا کو بی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، سعود شکیل، فہیم اشرف، ساجد خان، محمد نواز، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، نعمان علی کے حصے میں سی کیٹیگری آئی۔شان مسعود، حسین طلعت، محمد عباس، محمد وسیم جونیئر، محمد عباس آفریدی، خوشدل شاہ، احمد دانیال، سلمان مرزا، خرم شہزاد، صوفیان مقیم ڈی کیٹیگری میں شامل ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: شامل کیا گیا کیٹیگری میں
پڑھیں:
اے سے بی میں آنیوالے کھلاڑیوں کو کتنا مالی نقصان ہوا اور بی کیٹیگری کا معاوضہ کتنا ہے؟
لاہور:قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کانٹریکٹ کی سی اور ڈی کیٹیگری کے معاوضوں میں اضافہ کردیا گیا ہے لیکن اے سے بی کیٹیگری میں آنے والے کھلاڑیوں کو اچھا خاصہ مالی نقصان اٹھانا پڑے گا۔
سی کیٹیگری میں قومی کرکٹرز کو اب 20 لاکھ کے بجائے 25 لاکھ روپے ماہانہ ملیں گے جب کہ ڈی کیٹیگری میں قومی کرکٹرز کو اب 12 لاکھ کے بجائے 15 لاکھ روپے ماہانہ ملیں گے۔
بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے ماہانہ معاوضے میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، بی کیٹیگری کو 45 لاکھ کے قریب ماہانہ معاوضہ دیا جاتا تھا جو اب بھی وہی ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو 65 لاکھ روپے مہینہ ملتا تھا، گزشتہ برس اے کیٹیگری میں بابراعظم اور محمد رضوان شامل تھے، اب اے سے بی میں آنے والوں کے کم از کم 20 لاکھ روپے مہینہ کم ہوئے ہیں، یعنی بابر اور رضوان کو 20 لاکھ روپے ماہانہ کا نقصان اٹھانا پڑا۔
سینٹرل کانٹریکٹ میں کوئی بھی کھلاڑی اے کیٹیگری کے معیار پر پورا نہیں اترسکا، اسی لیے اس سال اے کیٹیگری کو ختم کردیا گیا ہے۔