چینی وزیر خارجہ 21 اگست کو دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچیں گے
اشاعت کی تاریخ: 19th, August 2025 GMT
اسلام آباد:چینی وزیر خارجہ وانگ ای 21 اگست کو پاکستان کا دورہ کریں گے، ان کے دورے کے دوران چھٹا پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ اسلام آباد میں ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی دعوت پر وانگ ای دورہ پاکستان پر آئیں گے، پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت وانگ ژی اور اسحٰق ڈار کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی وزیر خارجہ کا یہ دورہ اعلیٰ سطح کے روابط اور تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا ذریعہ ہے۔
چینی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران پاک چین تجارتی و معاشی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 16 جولائی 2025 کو نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ایس سی او کانفرس کی سائیڈ لائنز پر چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی تھی، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور سمیت سی پیک پر بھی بات چیت کی گئی تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بتایا گیا تھا وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے تیانجن میں ایس سی او کانفرس کی سائیڈ لائنزپر چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے چینی ہم منصب وانگ ای کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد دی تھی، اور اس موقع پر چین کی قیادت کی جانب سے دی گئی پرخلوص مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا تھا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے اہم امور پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا تھا، جن میں چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور کثیرالجہتی تعاون شامل تھے۔
انہوں نے پاکستان اور چین کی ہر موسم کی تذویراتی شراکت داری کی مضبوطی پر زور دیا اور مختلف شعبوں میں جاری قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: چینی وزیر خارجہ اسح ق ڈار وانگ ای
پڑھیں:
’’فیملی‘‘ میگزین میں چینی اینکر کی اُردو سٹوری پر 17 لاکھ فالوورز کا تبصرہ
لاہور (میگزین رپورٹ) عوامی جمہوریہ چین کی اُردو اینکر عفت وانگ کی فیملی میگزین کے شمارے 3 تا 9 اگست میں شائع ہونے والی ٹائٹل سٹوری پاک چین سوشل میڈیا کے ملین یوزرز کی دلچسپی کا محور بن گئی۔CGTN ایشیا پیسفک کی اُردو ہوسٹ کی سٹوری میگزین میں شائع ہونے پر CMG ایشیا پیسفک سینٹر نے تبصرہ کرتے ہوئے اسے پاک چین دوستی کیلئے ایک جرنلسٹ کی شکل میں برِج (BRIDGE) کا نام دیا ہے۔ عفت وانگ تین سال تک پاکستان میں قیام کر کے 2022ء میں پاکستانیوں کی محبت سمیٹ کر وطن واپس گئیں۔ اپنے اس قیام کے دوران انہوں نے دونوں ملکوں میں مقامی زندگی کے رہن سہن کو موضوع تحریر بنایا اور کلچرل رشتوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وطن واپسی پر وہ ایک مترجم سے ’’سٹار داستان گو‘‘ بن کر ابھریں۔ یہاں پاکستان میں روانی کیساتھ اُردو بول چال کے نتیجے میں عفت وانگ کو صدر پاکستان اور وزیراعظم جیسے سیاسی رہنماؤں سے انٹرویو کرنے کا موقع میسر رہا۔ CMG ایشیا پیسفک سنٹر نے فیملی میگزین کو پاکستان کا مقبول ترین لائف سٹائل میگزین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں شائع عفت وانگ کی بطور اُردو اینکر سٹوری نے اُن کے چاہنے والوں میں جنون کی حد تک دلچسپی کو اُجاگر کیا ہے۔ اُن کی سوشل میڈیا پوسٹ پر 17 لاکھ فالوورز نے تبصرہ کیا ہے۔ برادر ملک چین کی اُردو اینکر عفت وانگ جو ایک معمولی کسان گھرانے سے ترقی کر کے اس مقام پر پہنچی ہیں، CMG ایشیا پیسفک سینٹر کی جانب سے فیملی میگزین (لاہور) میں اُن کی ٹائٹل سٹوری پر تبصرہ بلاشبہ کسی اعزاز سے کم نہیں، کیونکہ اس کے کثیراللسان ذہن ساز سٹوڈیوز کی کل ملا کرفالوورز کی تعداد ایک کروڑ 90 لاکھ تک پہنچ جاتی ہے۔