راولپنڈی؛ 7 سالہ بچی کی قبر سے چھیڑ چھاڑ، مٹی کھودی گئی، کفن حویلی سے ملا، والد کا دعویٰ
اشاعت کی تاریخ: 28th, August 2025 GMT
راولپنڈی:
تھانہ دھمیال کے علاقے گرجا روڈ کے خان کالونی قبرستان میں مبینہ طور پر ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جہاں 7 سالہ بچی کی قبر سے چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گرجا چوکی کے علاقے گلی نمبر 19 کے رہائشی ظفر اقبال نے بتایا کہ ان کی بیٹی علینہ 26 اگست کو وفات پا گئی تھی اور تدفین خان کالونی قبرستان میں کی گئی تھی۔ والد کا کہنا ہے کہ جب وہ صبح فاتحہ کے لیے قبرستان پہنچے تو دیکھا کہ بیٹی کی قبر کھدی ہوئی تھی اور کفن قریبی حویلی میں پڑا ہوا تھا۔
اطلاع ملنے پر ایس ایچ او دھمیال اور دیگر پولیس حکام فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ ایس پی صدر نبیل کھوکھر نے کہا کہ والد کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے تاہم فی الحال قبر موجود ہے اور معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے قبر کشائی کی اجازت عدالت سے لی جا رہی ہے۔ قبر کشائی کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ والد کی بات درست ہے یا نہیں۔
پولیس کے مطابق جائے وقوع کے قریب سے سفید کپڑا برآمد ہوا ہے تاہم ابھی یہ حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ یہ کفن ہی ہے۔ ایس پی صدر کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد اصل حقائق منظر عام پر آئیں گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے افسوسناک حادثات کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے کشمیر کالونی نالے والے روڈ پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک 20 سالہ راہگیر جاں بحق ہوگیا۔
اطلاع ملنے پر چھیپا کے رضاکار موقع پر پہنچے اور لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں متوفی کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
دوسرا واقعہ ایف سی ایریا کے ایک اپارٹمنٹ میں پیش آیا جہاں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں اس کی شناخت 40 سالہ اظہر احمد کے نام سے ہوئی۔
ادھر قیوم آباد میں جام صادق پل پر تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں متوفی کی شناخت 40 سالہ شکیل کے نام سے کی گئی۔