ملتان میں رین ایمرجنسی نافذ
اشاعت کی تاریخ: 30th, August 2025 GMT
ملتان اور اس کے گردونواح میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ ٹیپو سلطان کالونی، حسن پروانہ، رشید آباد اور دیگر نشیبی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، جبکہ اندرون شہر کے متعدد علاقوں میں بھی بارش کا پانی جمع ہو چکا ہے۔
واسا کے ترجمان کے مطابق، مختلف مقامات پر بارش کی مقدار میں واضح فرق رہا۔ کڑی جمنداں میں 107 ملی میٹر، چونگی نمبر 9 پر 83 ملی میٹر، سمیجہ آباد میں 53 ملی میٹر، سورج میانی میں 41 ملی میٹر اور پرانا شجاع آباد روڈ پر 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا نے بتایا کہ شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، شدید بارش کا یہ اسپیل تین گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔
دوسری جانب، ملتان میں دریائے چناب پر آئندہ 24 گھنٹوں میں سیلابی ریلا آنے کا خدشہ ہے جس کے بعد متعدد علاقوں سے آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس صورت حال میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ نقصانات سے بچا جا سکے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل ایمرجنسی لگانے کی دھمکی دے دی
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر میئر واشنگٹن ڈی سی نے امیگریشن حکام کے ساتھ تعاون نہ کیا تو وفاقی حکومت نیشنل ایمرجنسی نافذ کر کے دارالحکومت کو براہِ راست کنٹرول میں لے لے گی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ بائیں بازو کے ڈیموکریٹس میئر موریئل بوسر پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ وفاقی اداروں کو غیر قانونی مقیم افراد کی معلومات فراہم نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس نے تعاون نہ کیا تو واشنگٹن ڈی سی میں جرائم بڑھ جائیں گے۔
میئر موریئل بوسر کا مؤقف ہے کہ میٹروپولیٹن پولیس غیر قانونی تارکین وطن کے ڈیٹا کو امیگریشن حکام کو نہیں دے گی۔ تاہم ٹرمپ نے عوام اور تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے ساتھ ہیں اور ضرورت پڑنے پر نیشنل ایمرجنسی نافذ کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکا کی 50 ریاستوں میں نیشنل گارڈز عام طور پر گورنرز کو جوابدہ ہوتے ہیں، لیکن واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل گارڈ براہِ راست امریکی صدر کے ماتحت ہے۔