بیلجیئم کا تاریخی قدم: فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان، اسرائیل پر پابندیاں عائد
اشاعت کی تاریخ: 2nd, September 2025 GMT
بیلجیئم نے فلسطین کو باضابطہ طور پر ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے—یہ فیصلہ غزہ میں جاری انسانی بحران اور اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بیلجیئم نے اسرائیل پر کئی سخت پابندیاں عائد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
بیلجیئم کے وزیر خارجہ میکسم پریوٹ نے اپنے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ وہ رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران فلسطین کی ریاستی حیثیت کو تسلیم کرنے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور انسانی حقوق کی حمایت کے طور پر کیا جا رہا ہے۔
وزیر خارجہ کے مطابق، اسرائیل پر مجموعی طور پر 12 پابندیاں نافذ کی جا رہی ہیں، جن میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی مصنوعات پر مکمل پابندی، اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ سرکاری سطح پر تمام معاہدوں پر نظر ثانی، اسرائیلی ایئرلائنز کی پروازوں اور ٹرانزٹ پر پابندیاں جیسے اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ پابندیاں عام اسرائیلی شہریوں کے خلاف نہیں بلکہ اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے ہیں تاکہ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ بیلجیئم سے قبل فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ ان ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ میں اسی ماہ اس فیصلے کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
بیلجیئم کا یہ فیصلہ عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، جو مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران عالمی برادری کی بدلتی ہوئی پالیسیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: تسلیم کرنے کا
پڑھیں:
جاپان فی الحال فلسطینی ریاست کوتسلیم نہیں کریگا: جاپانی اخبار کا دعویٰ
ٹوکیو(انٹرنیشنل ڈیسک) جاپانی اخبار نے دعویٰ کیا ہےکہ جاپان فی الحال فوری طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کرے گا۔
جاپانی اخبار کی ایک رپورٹ میں حکومتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیاہے کہ جاپان فی الحال فلسطینی ریاست کوتسلیم نہیں کرےگا۔
رپورٹ میں کیے گئے دعوے کے مطابق جاپانی وزیراعظم یو این کےفلسطین سے متعلق اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے، فلسطین کو تسلیم نہ کرنے کاجاپان کا مؤقف امریکا اور اسرائیل کے قریب ہے۔
واضح رہے کہ فرانس، برطانیہ، کینیڈا، لکسمبرگ،بیلجیئم اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
Post Views: 3