وزیراعظم شہبازشریف کا چین کا اہم اور مصروف دورہ مکمل
اشاعت کی تاریخ: 4th, September 2025 GMT
وزیراعظم شہبازشریف کا چین کا اہم اور مصروف دورہ مکمل ہوگیا۔ بیجنگ کے کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روانگی کے موقع پر پیپلز پولیٹیکل کنسلٹیٹو کانفرنس کی بیجنگ میونسپل کمیٹی کی رکن محترمہ ہین زیرونگ، پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کو الوداع کہا۔
وزیراعظم نے اپنے دورۂ چین کے دوران تیانجن میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے 25ویں اجلاس اور ایس سی او پلس اجلاس میں شرکت کی، جہاں علاقائی تعاون، اقتصادی ترقی اور سلامتی سے متعلق امور پر اہم تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم نے اپنے قیام کے دوران فاشزم کے خلاف عالمی جنگ کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں بھی شرکت کی، جو خطے کی تاریخ اور عالمی امن کے حوالے سے ایک اہم موقع تھا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ، چینی وزیراعظم لی چیانگ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، ترکیہ، آذربائیجان اور تاجکستان کے صدور سے دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں تجارتی روابط، علاقائی امن، سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک تعاون جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم نے دورے کے دوران منعقدہ دوسری چین پاکستان بزنس ٹو بزنس (بی ٹوبی) کانفرنس میں بھی شرکت کی، جہاں پاکستانی اور چینی سرمایہ کاروں، کاروباری نمائندوں اور صنعتکاروں کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں اور پاک چین اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ دورہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددگار رہا بلکہ علاقائی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے میں بھی اہم ثابت ہوا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم کا پیغام
صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔
اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ۔ صحافی حقائق تک عوام کی رسائی کو ممکن بناتے ہیں اور سچائی کے علمبردار ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کے خلاف تشدد، دھمکی یا انتقام پر مبنی جرائم دراصل آزادی اظہار پر حملہ ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں اس موقع پر اُن تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے حق و سچ کی خاطر مشکلات برداشت کیں، اور اُن اہلِ قلم و میڈیا ورکرز کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو فرضِ منصبی کے دوران کھو دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومتِ پاکستان آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ہم ایسے تمام اقدامات کریں گے جن سے صحافیوں کے خلاف جرائم کی موثر تفتیش، انصاف کی فراہمی، اور ان جرائم کے مرتکبین کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ میں بین الاقوامی برادری، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں، آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔